رسائی کے لنکس

کرینہ کپور بھی مادام تساوٴ میوزیم کی زینت بن گئیں


کرینہ کپور بھی مادام تساوٴ میوزیم کی زینت بن گئیں
کرینہ کپور بھی مادام تساوٴ میوزیم کی زینت بن گئیں

بالی ووڈ ایکٹریس کرینہ کپور کا مجسمہ بھی برطانیہ کے مشہور مادام تساوٴ میوزیم کی زینت بن گیا ہے۔ اس مجسمے پر ایک لاکھ پچاس ہزار پونڈز (یعنی ڈیڑھ کروڑ روپے سے زائد) خرچ ہوئے ہیں جبکہ اس کی تیار میں چار ماہ صرف ہوئے ہیں۔

یہ میوزیم دنیا بھر کی مشہور و معروف شخصیات کے مومی مجسموں کے حوالے سے عالمی شہرت رکھتا ہے۔ان مجسموں کی خاصیت یہ ہے کہ یہ سب کے سب پہلی نظر میں حقیقت کا گماں دیتے ہیں۔ ۔۔۔اس حد تک کہ اگر وہ شخصیت اپنے مجسمے کے برابر میں کھڑی ہوجائے تو ایک لمحے کے لئے یہ پہچاننا مشکل ہوجاتا ہے کہ اصل کون ہے اور مجسمہ کون۔

ہرسال دنیا بھر سے لاکھوں سیاح ان مجسموں کو دیکھنے آتے ہیں جبکہ سیاح ان مجسموں کے ساتھ اپنی تصویرکھنچوانے میں بھی فخر محسوس کرتے ہیں۔میوزیم میں جس شخصیت کامجسمہ نمائش کے لئے رکھا جاتا ہے وہ اسے اپنے لئے اعزاز سمجھتی ہے۔

مقامی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق بھارتی اداکارہ کرینہ کپور کا بھی مومی مجسمہ نمائش کے لئے پیش کیاگیا۔ کرینہ بھی اسے اپنے لئے ایک بیش قیمتی اعزاز سمجھتی ہیں اس لئے مجسمہ کی نقاب کشائی کے وقت ہونے والی تقریب میں انہوں نے ناصرف خود شرکت کی بلکہ ان کی والدہ ببیتا کپور بھی ان کے ساتھ لندن پہنچیں۔

اپنے مجسمے کو دیکھ کر کرینہ حیرت زدہ ہوگئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مجسمہ بنانے والے نے کمال کردیا۔ لگتا ہے مجسمہ ابھی بول اٹھے گا۔ مجسمے کی نمائش جنوری 2012ء تک جاری رہے گی۔

چالیس سے زائد فلموں میں ہیروئن کا کردار اداکرنے والی کرینہ کپور بالی ووڈ فلموں کا ’آئیکون‘ ہیں۔ ان کی پے در پے تین فلموں ”تھری ایڈیٹ“،”باڈی گارڈ“اور ”را۔ون“ نے باکس آفس پر سب سے زیادہ بزنس کرنے والی کامیاب فلموں کا ریکارڈ بنایا ہے۔مجسمے کی نقاب کشائی کے وقت میوزیم میں ایک ہزار سے زائد لوگ جمع تھے۔ ان میں سے بیشتر ایسے تھے جو دور دراز علاقوں سے وہاں تک پہنچے تھے۔

میوزیم میں بالی ووڈ شخصیات کے مجسموں کے لئے ایک علیحدہ کمرہ مختص کیا گیا ہے۔ میوزیم میں شاہ رخ خان،سلمان خان، رہتک روشن، امیتابھ بچن اور ایشوریہ رائے کے مجسمے موجود ہیں۔ اب کرینہ کا مجسمہ بھی ان میں شامل ہوگیا ہے۔

میوزیم کے حوالے سے کچھ دلچسپ حقائق بھی گاہے بگاہے سامنے آتے رہتے ہیں مثلاً رائٹر کی ایک اور خبر کے مطابق رہتک روشن کا مجسمہ ان سرفہرست دس مجسموں میں شامل ہے جنہیں دیکھنے والوں نے اسے کمال مہارت کے سبب بوسہ دیا۔ بوسہ دینے والوں میں 20فیصدمردشامل تھے جبکہ باقی خواتین تھیں۔یہ مجسمہ رواں سال جنوری میں نمائش کے لئے پیش کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ پچھلے سال شاہ رخ خان کا مجسمہ بھی ان دس مجسموں میں شامل تھا جنہیں سب سے زیادہ بوسہ دیا گیا۔

XS
SM
MD
LG