رسائی کے لنکس

کراچی : ناجائز اسلحہ کی اطلاع دینے والوں کے لئے انعامی اسکیم کا اجرا


کراچی : ناجائز اسلحہ کی اطلاع دینے والوں کے لئے انعامی اسکیم کا اجرا
کراچی : ناجائز اسلحہ کی اطلاع دینے والوں کے لئے انعامی اسکیم کا اجرا

کراچی میں وفاقی حکومت کی جانب سے اپنی نوعیت کی منفرد انعامی اسکیم شروع کی جارہی ہے ۔ اس اسکیم کے تحت ناجائز اسلحہ کی اطلاع دینے والوں کو 20ہزار سے 50ہزارروپے تک کے نقد انعامات دیئے جائیں گے۔ انعامی اسکیم کے اجراء کا مقصد شہر بھر میں پھیلے ناجائز اسلحہ کا خاتمہ ہے۔ اسکیم کے تحت ناجائز کلاشنکوف کی اطلاع پر 20 ہزار روپے اورایل ایم جی رافل یا راکٹ لانچر کی اطلاع دینے والے کو 50 ہزار روپے انعام دیا جائے گا جبکہ اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔

"انعامی اسکیم " کا اعلان پیر کو وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک نے نیشنل کرائسز مینجمنٹ سیل میں اعلیٰ سطحی اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ان کا کہنا تھا کہ 31 اگست کے بعد نادرا کے اسلحہ لائسنس کے علاوہ کوئی لائسنس قابل قبول نہیں ہو گا، غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں کو سخت سزا دی جائے گی، عوام کی جانب سے ایک کلاشنکوف کی اطلاع دینے والے کو 20 ہزار روپے اور ایل ایم جی رائفل، راکٹ لانچر کی اطلاع دینے والے کو 50 ہزار روپے انعام دیا جائے گا۔

اس موقع پر ان کے ہمراہ آئی جی سندھ واجد علی درانی بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ کراچی میں اسلحہ کا انبار لگا ہوا ہے اس لئے فیصلہ کیا گیا ہے کہ 31 اگست تک صرف وہ اسلحہ لائسنس قابل قبول ہوں گے جو نادرا آفس سے بنائے گئے ہوں گے۔ مذکورہ تاریخ کے بعد کسی کے پاس بھی جعلی لائسنس یا غیر قانونی اسلحہ برآمد ہو گا تو اسے 7 سے 14 سال قید کی سزا ہو گی۔

رحمن ملک نے کہا کہ کراچی کے حالات کو بہتر بنانے کے لئے اہم فیصلے کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ خصوصاً بھتہ خوروں کے خلاف سخت ایکشن لینے کے لئے پولیس میں ڈی آئی جی کی سطح پر ایک سیل قائم کیا جا رہا ہے جو بھتہ خوروں کا مکمل ریکارڈ رکھتے ہوئے ان کے خلاف سخت ایکشن لے گا۔

وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک نے کہا کہ کراچی میں امن و امان کے قیام کے لئے بلاامتیاز و تفریق ملزمان کے خلاف ایکشن لیا جا رہا ہے، یہ ایکشن کسی قومیت کے خلاف نہیں۔

XS
SM
MD
LG