رسائی کے لنکس

کراچی : ٹرانسپورٹ اتحاد کا ہڑتال ختم کرنے کا اعلان


ہڑتال کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا
ہڑتال کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا

کراچی کی ٹرانسپورٹ تنظیموں نے جمعہ کو گورنر سندھ عشرت العباد سے ملاقات کے بعد شہر میں دو روز سے جاری ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف جمعرات سے ہڑتال شروع کر رکھی تھی۔

گورنر سندھ عشرت العباد سے ملاقات کے بعد جمعہ کو تنظیم کے صدر ارشاد بخاری نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ فی الحال کرایوں میں اضافہ نہیں کیا جارہا ہے اور ہڑتال غیر مشروط طور پر ختم کی جارہی ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ گورنرسندھ نے ٹرانسپورٹ تنظیموں کو درپیش مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی ہے۔

اس سے قبل ٹرانسپورٹ تنظیموں نے ہڑتال کے خاتمے کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ 9.9 فیصد اضافہ واپس لینے، منی بسوں کے پرمٹ کے اجراء اور کراچی میں مختلف اوقات میں ہونے والی ہنگامہ آرائی میں جلنے والی اُن کی گاڑیوں کے معاوضے اور گورنر و وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات کی شرائط سے مشروط کیا تھا۔

سنی تحریک اور تاجروں کی تنظیموں کی طرف ٹرانسپورٹ تنظیموں کی ہڑتال کی حمایت کے بعد جمعہ کو شہر بھر میں بڑی پبلک ٹرانسپورٹ سڑکوں سے غائب رہی جب کہ بڑے تجاری مراکز کے علاوہ بیشتر پیٹرول پمپ بھی بند رہے ہیں جس سے شہری شدید مشکلات کا شکار رہے ۔

XS
SM
MD
LG