پاکستان نے کراچی ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ کو سات وکٹوں سے شکست دے کر دو میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کے چوتھے روز جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 245 رنز پر ڈھیر ہو گئی جس کے نتیجے میں پاکستان کو جیت کے لیے صرف 88 رنز کا ہدف ملا۔
پاکستان نے چائے کے وقت سے قبل ہی تین وکٹوں کے نقصان پر ہدف باآسانی حاصل کیا۔ اظہر علی 31 اور فواد عالم چار رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
اوپننگ بلے باز عمران بٹ 12، عابد علی 10 اور کپتان بابر اعظم 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پر فواد عالم کو 'مین آف دی میچ' کے اعزاز سے نوازا گیا۔
یاد رہے کہ جنوبی افریقہ نے اپنی پہلی اننگز میں 220 اور دوسری میں 245 رنز بنائے جب کہ پاکستان نے پہلی اننگز میں 378 رنز بنائے تھے۔
جمعے کو میچ کے چوتھے روز کا آغاز ہوا تو کپتان کوئنٹن ڈی کوک اور کشو مہاراج نے چار وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز سے نامکمل اننگ کا آغاز کیا۔ لیکن میزبان ٹیم اپنے مجموعی اسکور میں صرف 58 رنز کا ہی اضافہ کر سکے اور اس دوران چھ وکٹیں گنوا بیٹھے۔ پوری ٹیم 245 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔
کپتان ڈی کوک دو، ٹیمبا باووما 40، جارج لنڈے 11، کگیسو ربادا ایک اور اینرچ نورٹجی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے نعمان علی نے شاندار بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری اننگز میں پانچ وکٹیں حاصل کیں جب کہ یاسر شاہ نے چار اور حسن علی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔