کراچی دنیا کا چوتھا سستا ترین شہر ہے۔۔ آپ کو یقین ہو یا نہ ہو۔۔ برطانیہ کے ’اکنامسٹ انٹیلی جنس یونٹ‘ کا کہنا یہی ہے کہ کراچی چوتھا سستا ترین جبکہ سنگاپور دنیا کا مہنگا ترین شہر ہے۔
رپورٹ کے مطابق افریقی ملک زیمبیا کا دارالحکومت لوساکا دنیا کا سستا ترین شہر ہے۔۔۔ یعنی کراچی سے تین درجے اوپر۔
دنیا بھر کے سب سے مہنگے شہروں کی بات کریں تو سنگاپور کے بعد دوسرا نمبر زیورخ (سوئٹزرلینڈ)، تیسرا ہانگ کانگ جبکہ چوتھا اور پانچواں نمبر بالترتیب جنیوا، اور پیرس کا ہے۔ باقی شہروں میں لندن، ڈنمارک، سیول اور لاس اینجلس بھی ٹاپ ٹین میں شامل ہیں۔
دنیا کے دس سستے ترین شہروں میں بھارت کے بھی ایک دو نہیں پورے چار شہر شامل ہیں یعنی بنگلور، ممبئی، چنائی اور نیو دہلی۔
برطانوی جریدے کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق سستے یا مہنگے شہروں کا تعین اشیائے خور و نوش کی قیمتوں، ذرائع آمد ورفت کے کرائے، صحت اور دیگر بنیادی ضرورتوں کو مد نظر رکھ کر کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس حوالے سے دنیا بھر کے 133 ممالک میں ایک سروے بھی کیا گیا جس کا عنوان ’دی ورلڈ وائیڈ کوسٹ آف لیونگ 2016' تھا۔ کل 133 ممالک کی فہرست میں اس سال کراچی کا نمبر 127 واں ہے۔
ای آئی یو کی جانب سے سال میں دومرتبہ یہ سروے کرایا جاتا ہے جن میں خوراک، کپڑے ، گھریلو سامان، مکان کا کرایہ، آنے جانے کا خرچ، بجلی کے بلز، نجی اسکولوں کی فیسوں، روزمرہ اخراجات اور تفریح پر خرچ ہونے والی رقم سمیت 140 مصنوعات کی قیمتوں کا موازنہ کیا جاتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق آخری مرتبہ جو سروے کیا گیا تھا اس کے مقابلے میں کراچی کا رینک 5 درجے بہتر ہوا ہے جبکہ قازقستان کی راجدھانی الماتے، الجزائر کے دارالحکومت الجئرز اور بھارتی شہر چنائی کے درجات میں کوئی تبدیلی واقع نہیں ہوئی۔
البتہ سستے ترین شہروں کی فہرست میں بنگلور، ممبئی اور نئی دہلی جیسے شہروں کا اضافہ ہوا ہے۔