رسائی کے لنکس

کراچی میں امدادی سرگرمیوں کے لیے فوج طلب


اسلام آباد میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بھی کراچی میں طوفاني بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا کر عوام کی مشکلات کا ازالہ کریں۔

کراچی میں ہونے والی بدترین بارشوں پر پاک فوج کو کراچی میں طلب کرلیا گیا ہے جبکہ پاکستان نیوی اور رینجرز بھی کراچی میں مختلف مقامات پر جمع پانی نکالنے اور امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔

پاک فوج کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر کے مطابق شہر میں ہونے والی بدترین بارشوں کے بعد کراچی کی انتظامیہ نے فوج سے مدد کی درخواست کی جس پر پاک فوج فوری حرکت میں آئی ہے۔

ترجمان کے مطابق بارش کے جمع پانی کو نکالنے کے لیے پمپس فراہم کردیے گئے ہیں۔ جبکہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی شہریوں کی ہر ممکن مدد کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔

پاک فوج کے ترجمان نے رات گئے بتایا کہ آرمی اور سندھ رینجرز کی ٹیموں نے پانی کا اخراج کرنے والے آلات کی مدد سے شہر میں مختلف مقامات پر کام جاری رکھا ہوا ہے۔ غریب آباد اور لیاقت آباد انڈر پاس سے پانی نکالنے کا کام مکمل کرلیا گیا ہے۔

پاکستان بحریہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات سے نمٹنے کے لیے کراچی کی شہری حکومت کی معاونت جاری ہے۔ پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ نشیبی علاقوں میں محصور لوگوں کو نکالنے کے لیے پاک بحریہ کی کشتیاں اور غوطہ خور ٹیمیں بھی حصہ لے رہی ہیں۔

اسلام آباد میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بھی کراچی میں طوفاني بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا کر عوام کی مشکلات کا ازالہ کریں۔

وزیراعظم نے فوج، رینجرز، این ایچ اے اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہنگامی اقدامات کی ہدایت کی اور کہا کہ متعلقہ ادارے تمام شاہراہوں اور متاثرہ مواصلاتي نظام کی بحالی کے فوری اقدامات کریں اور کراچی شہر کا دوسرے علاقوں سے زمینی رابطہ فوری طور پر بحال کیا جائے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کی مشکلات کے ازالے کے لیے صوبائی حکومت کی ہر ممکن معاونت کے لیے تیار ہیں۔​

گورنر سندھ محمد زبیر کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گورنر سندھ اس وقت سعودی عرب میں ہیں تاہم وہ حجاز مقدس سے پاکستان میں متعلقہ حکام سے رابطے میں ہیں۔

گورنر سندھ نے سعودی عرب سے کور کمانڈر کراچی کو ٹیلی فون کیا اور صورت حال کی تفصیلات حاصل کیں۔

گورنر سندھ نے نیو سبزی منڈی ، نادرن بائی پاس اور سعدی ٹاؤن کے مکینوں کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کی ہدایات کیں۔

کراچی میں گذشتہ روز ہونے والی بارش سے اب تک تین بچوں سمیت 13 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں، جبکہ موسلادھار بارش کی وجہ سے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمینٹ اتھارٹی نے کراچی شہر میں اربن فلڈ کا اعلان کردیا ہے جس کے بعد ملک بھر کے اداروں کو متحرک کیا جا رہا ہے۔ شہر میں ابھی تک صورت حال مخدوش ہے۔ بیشتر مقامات پر پانی کی وجہ سے بجلی اور مواصلات کا نظام درہم برہم ہے۔ اکثر علاقوں میں پانی کھڑا ہوا ہے جسے نکالنے کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔

XS
SM
MD
LG