رسائی کے لنکس

کراچی: فائرنگ کا واقعہ، سینئر ڈاکٹر ہلاک


یہ واقعہ دہلی کالونی میں ہوا جب نامعلوم ملزمان نے کار پر گولیاں برسائیں، جس کے نتیجے میں ڈاکٹر منظور میمن اور اُن کا ڈرائیور موقع ہی پر ہلاک ہو گئے

نامعلوم افراد نے منگل کے روز کراچی میں فائرنگ کرکے ایک سینئر ڈاکٹر کو ان کے ڈرائیور سمیت ہلاک کر دیا۔

یہ واقع دہلی کالونی میں ہوا جب جناح اسپتال کے سینئر ایم ایل او، ڈاکٹر منظور میمن کو گولیوں کا نشانہ بنایا گیا، جب وہ اسپتال سے ڈیوٹی ختم کرکے گھر واپس جا رہے تھے۔

بتایا جاتا کے ہے کہ نامعلوم ملزمان نے ان کی کار پر گولیاں برسائیں، جس کے نتیجے میں ڈاکٹر میمن اور اُن کا ڈرائیور موقع ہی پر ہلاک ہو گئے۔


جناح اسپتال کے شعبہٴحادثات کی انچارج، سیمی جمالی نے ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے، بتایا کہ موحوم کے اہل خانہ نے بتایا ہے کہ ڈاکٹر مظور میمن کو پچھلے کئی روز سے ’قتل کی دھمکیاں‘ مل رہی تھیں۔

ڈاکٹر سیمی نے نام بتانے سے گریز کرتے ہوئے مزید کہا کہ جناح اسپتال کے کئی سینئر ڈاکٹروں کو قتل کی دھمکیاں موصول ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔ البتہ، اسپتال کی اپنی سیکورٹی تو موجود ہے، ’مگر، یہاں سے باہر جانے کے بعد سیکورٹی کا کچھ نہیں کہہ سکتے‘۔

دوسری جانب، بتایا جاتا ہے کہ سعید آباد تھانے کی پولیس نے 25 کلوگرام وزنی بم ناکارہ بنا کر دہشتگردی کی ایک بڑی کارروائی کو ناکام بنا دیا ہے۔

پولیس کے مطابق، سعید آباد کے علاقے میں بس اسٹاپ کے نزدیک ایک مشکوک تھیلے کی اطلاع موصول ہونے پر، بم ڈسپوزل اسکواڈ طلب کرکے اس 25 کلو وزنی بم کو ناکارہ بنا دیاگیا۔

پولیس ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ، ’اگر سڑک کنارے رکھا گیا یہ بم دھماکے سے پھٹ جاتا تو بڑے پیمانے پر تباہی ہوتی‘۔
XS
SM
MD
LG