رسائی کے لنکس

کامران اکمل پی ایس ایل کے سب سے کامیاب کھلاڑی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

وکٹ کیپر اور بیٹسمین کامران اکمل طویل عرصے سے پاکستان ٹیم کا حصہ نہیں تھے لیکن وہ پاکستان سپر لیگ کے اب تک ہونے والی تمام سیزنز میں پشاور زلمی سے کھیلتے رہے ہیں اور ان کی کارکردگی نے کئی میچوں میں ٹیم کو کامیابی دلانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

سب سے زیادہ میچز کھیلنے کا ریکارڈ

کامران اکمل نے پی ایس ایل میں متعدد ریکارڈز اپنے نام کیے ہیں۔ انہوں نے ایونٹ میں اب تک سب سے زیادہ 37 میچز کھیلے ہیں۔ اُن کے بعد محمد حفیظ، ڈیرین سیمی اور وہاب ریاض 35، 35 میچ کھیل چکے ہیں۔

کامران اکمل کی ان میچز میں کارکردگی بھی شاندار رہی ہے۔ وہ 978 رنز بناکر پی ایس ایل کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں۔ اُن کا اسٹرائیک ریٹ 132 اعشاریہ 16 اور اوسط 28 اعشاریہ 76 ہے۔

تین ہندسوں میں اسکور کرنے والے کھلاڑی

پاکستان سپر لیگ کی تاریخ میں تین ہندسوں میں اسکور کرنے والے صرف دو کھلاڑی ہیں۔ کامران اکمل اور شرجیل خان۔ کامران اکمل دو مرتبہ یعنی 2017ء میں کراچی کنگز کے خلاف 104 اور 2018ء میں لاہور قلندرز کے خلاف 107 رنز بنا چکے ہیں۔

انہوں نے اپنے 107 رنز میں سے 86 رنز صرف چھکے اور چوکے لگا کر بنائے تھے جو ایک اننگز میں چھکوں اور چوکوں کا دوسرا بڑا اسکور ہے۔

شرجیل خان 117 رنز کے ساتھ سب سے بڑی انفرادی اننگز کا اعزاز اپنے نام کیے ہوئے ہیں جس میں سے 96 رنز چھکوں اور چوکوں کی مدد سے بنائے تھے۔

سب سے زیادہ نصف سینچریاں

کامران اکمل کی نصف سینچریوں کی تعداد بھی سب سے زیادہ ہے۔ وہ 8 نصف سینچریاں بنا چکے ہیں۔ بابر اعظم 7 نصف سینچریوں کے ساتھ دوسرے جب کہ لیوک رونکی اور عمر اکمل 6، 6 نصف سینچریوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔

تیز ترین نصف سینچری بنانے کا اعزاز

تیز ترین نصف سینچری بنانے کا اعزاز بھی کامران اکمل کو حاصل ہے۔ 2018ء میں انہوں نے کراچی کنگز کے خلاف صرف 17 گیندوں پر نصف سنچری اسکور کی تھی۔ اس سے پہلے لیوک رونکی نے کراچی کنگز ہی کے خلاف 19 گیندوں پر اپنے ففٹی رنز بنائے تھے۔

وکٹ کیپنگ میں بھی منفرد

کامران اکمل نے بیٹنگ کے ساتھ ساتھ وکٹ کیپنگ میں کمال مہارت کا مظاہرہ کیا ہے اور وکٹ کے پیچھے 32 کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے پی ایس ایل کے سب سے کامیاب وکٹ کپیر بن چکے ہیں۔ انہوں نے 24 کیچ پکڑے اور 8 اسٹمپ آؤٹ کیے۔

ایک اننگز میں چار کیچ

کامران اکمل کے ایک اننگز میں 4 کیچ کسی بھی وکٹ کیپر کی بہترین کارکردگی ہے۔ جب کہ 2016ء میں انہوں نے مجموعی طور پر 12 بیٹسمینوں کو شکار کیا جو کسی بھی وکٹ کیپر کی ایک سیزن میں سب سے اچھی کارکردگی ہے۔

27 بیٹسمینوں کو پویلین کی راہ دکھا کر محمد رضوان دوسرے جب کہ سرفراز احمد 21 کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔

’خراب‘ریکارڈ

ان تمام ریکارڈز کے ساتھ ساتھ ایک ریکارڈ ایسا بھی ہے جو کوئی بھی بیٹسمین اپنے نام کے ساتھ جوڑنا نہیں چاہے گا۔ یعنی سب سے زیادہ مرتبہ صفر پر آؤٹ ہونے کا ریکارڈ۔ جی ہاں! سب سے زیادہ یعنی 7 مرتبہ صفر پر آؤٹ ہو کر یہ ریکارڈ بھی کامران اکمل نے ہی اپنے نام کیا ہے۔

XS
SM
MD
LG