افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ایک نجی ٹی وی چینل کے ملازمین کو لے جانی والی گاڑی پر خود کش حملے میں کم از کم سات افراد ہلاک اور 25 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔
افغان وزارتِ داخلہ کے مطابق واقعہ بدھ کو کابل میں واقع روسی سفارت خانے کے نزدیک پیش آیا جہاں ایک خود کش حملہ آور نے بارود سے بھری اپنی گاڑی افغان نشریاتی ادارے 'ٹولو ٹی وی' کے ملازمین کو لے جانے والی ایک منی بس سے ٹکرادی۔
وزارتِ داخلہ کے ترجمان صادق صدیقی نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں چار خواتین بھی شامل ہیں۔
ترجمان کے مطابق حملے میں 27 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں اکثریت نشریاتی ادارے کے ملازمین کی ہے۔
'موبی گروپ' نامی افغان کمپنی کے عہدیداران نے وائس آف امریکہ کی دری سروس کو بتایا ہے کہ ہلاک ہونے والے تمام سات افراد کمپنی کے ملازم ہیں۔
مذکورہ کمپنی 'ٹولو ٹی وی' سمیت افغانستان میں کام کرنے والے کئی نشریاتی اداروں کی مالک ہے۔
حملے کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی ہے لیکن افغان ذرائع ابلاغ کے مطابق 'ٹولو ٹی وی' کو ماضی میں طالبان جنگجووں کی جانب سے دھمکیاں ملتی رہی ہیں۔
افغانستان کی وزارتِ صحت کے ترجمان محمد اسمعیل کاؤسی نے وائس آف امریکہ کی دری سروس کے ساتھ گفتگو میں حملے میں ہونے والی ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ لاشیں اور زخمی اسپتال منتقل کردیے گئے ہیں۔
افغان صدر اشرف غنی نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے ایک بزدلانہ قدم قرار دیا ہے جب کہ افغان حکومت کے چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ نے بھی واقعے کی مذمت کی ہے۔
حملے پر تاحال 'ٹولو ٹی وی' کی انتظامیہ کی جانب سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا لیکن ٹی وی چینل نے واقعے کی براہِ راست کوریج کے دوران بتایا ہے کہ حملے کا نشانہ بننے والے افراد چینل کی پروڈکشن کمپنی 'کبورہ پروڈکشن' کے ملازمین تھے۔