پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان اور آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی کی طرف سے صحافی کو "نامناسب انداز" میں جواب دینے پر صحافیوں نے احتجاج کیا ہے۔
بدھ کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ایک دوستانہ میچ کے موقع پر شاہد آفریدی صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے کہ اس دوران ایک نجی ٹی وی چینل کے نمائندے کی طرف سے ان کی قائدانہ صلاحتیوں سے متعلق پوچھے گئے سوال پر وہ برہم ہو گئے۔
صحافی کا سوال تھا کہ شاہد آفریدی کی قیادت میں ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی شکست کا تناسب دیگر کپتانوں سے زیادہ ہے تو کیا انھیں لگتا ہے کہ قیادت کے انداز میں کچھ تبدیلی لانے کی ضرورت ہے۔
اس پر شاہد آفریدی نے بظاہر مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ "ہمیشہ مجھے آپ سے امید تھی کہ آپ گھٹیا سوال ہی کریں گے۔"
اس جواب کے باوجود پریس کانفرنس تو جاری رہی لیکن بعد ازاں صحافیوں نے اس رویے پر احتجاج کرتے ہوئے شاہد آفریدی سے معافی کا مطالبہ کیا۔
ابتدائی طور پر ٹیم انتظامیہ نے مداخلت کروا کے احتجاج ختم کروایا۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ شاہد آفریدی ایسے کسی تنازع کا شکار ہوئے ہوں۔ اس سے قبل بھی مختلف مواقع پر سابق کھلاڑیوں سے متعلق بھی ان کے تلخ بیانات ان پر تنقید کا باعث بنتے رہے ہیں۔