اسلام آباد میں پچھلے مہینے کے وسط سے جاری سیاسی دھرنوں سے کوئی متاثر ہوا ہو یا نہ ہوا ہو۔۔ٹی وی ایکٹرز اور موجوہ و سابق سنگرز کو ان دھرنوں نے خوب متاثر کیا ہے۔
لگتا یوں ہے کہ جیسے فنکار کسی مقناطیسی قوت کی طرف ایک کے بعد ایک کھنچے چلے جا رہے ہوں۔۔اب کی بار ماضی کے پاپ سنگر جنید جمشید بھی اس غیر اعلانیہ ’دوڑ‘ میں شامل ہوگئے ہیں۔
پاکستان کے نجی ٹی وی ’سماٴ‘ کے ایک پروگرام میں بات چیت کے دوران جنید جمشید نے پاکستان تحریک انصاف اور اس کے رہنما عمران خان کی حمایت کا اعلان کر ڈالا۔ اتنا ہی نہیں بلکہ انہوں نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ’ٹوئیٹر‘ پر بھی عمران خان کے نظریات کی تعریف اور ان کی حمایت کی۔
تبادلہ خیال کے دوران جنید جمشید نے کہا ’ہم عمران خان کے ساتھ ہیں،خاموش رہ کر تھک گیا تھا۔ سسٹم تبدیل کرنے کیلئے قربانیاں دینا پڑتی ہیں۔جب لوگ نظام کیخلاف کھڑے ہو جائیں تو نظام کو شکست ہو تی ہے ،عمران بھی سسٹم کی تبدیلی کی بات کر رہے ہیں۔‘
’نواز شریف تھوڑی سی قربانی کے لئے تیار ہوجائیں‘
انہوں نے بات چیت کے دوران وزیراعظم نواز شریف کا بھی ذکر کیا۔ ان کے حوالے سے جنید کا کہنا تھا ’نوازشریف اور ان کی جماعت ’ن لیگ‘ تھوڑی سی قربانی دینے کیلئے تیار ہو جائیں۔ استعفیٰ دینے سے کوئی چھوٹا نہیں ہو جاتا۔‘
’دل دل پاکستان۔۔۔‘گانے کو دل نہیں چاہتا‘
ایک سوال پر انہوں نے کہا ’اب میرا دل ۔۔ ’دل دل پاکستان ۔۔۔‘ گانے کو نہیں چاہتا۔ کس کے لئے اور کیوں گاوٴں؟‘
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’ایم کیو ایم بھی غلط سسٹم کیخلاف کھڑی ہوئی تھی خواہش ہے ایم کیو ایم اور عمران خان ساتھ جدوجہد کریں۔‘
زرداری کے اچھے اخلاق، بھٹو کی بہادری، بینظیر کی دلیری مل جائے ۔۔
انہوں نے کہا کہ ’آصف زرداری کے اخلاق مل جائیں، ذوالفقار علی بھٹو کی بہادری اور بینظیر کی دلیری مل جائے، تو ہمیں اچھاسسٹم بھی مل جائے گا۔۔ ہم بہترین قوم بن جائیں گے۔‘
فنکاروں کی لائن ۔۔
اس سے قبل، میوزیکل بینڈ ’وائٹل سائن‘ اور ’جنون‘ کے گیٹار نواز سلمان احمد، حال ہی میں شہرت کا نیا ریکارڈ بنانے والے ڈرامہ سیریل ’پیارے افضل‘ کے ہیرو حمزہ علی عباسی نے بھی پی ٹی آئی میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کرچکے ہیں۔
ان دونوں کے علاوہ ہمایوں سعید، انوشے اشرف، ایمان علی، شہرت یافتہ فلم ’وار‘ کے روح رواں بلال لاشاری، ٹی وی ہوسٹ وقار ذکاء اور کاشف محمودنے بھی حالیہ دنوں میں ہی پی ٹی آئی جوائن کی ہے۔