|
امریکہ کے 39ویں صدر کے طور پر اقتدار ختم ہونے پرملکی دارالحکومت چھوڑنے کے لگ بھگ 44سال بعد جمی کارٹر کا جسدِ خاکی، سرکاری سطح پر منگل سے شروع ہونے والی تین دن کی آخری رسومات کے لیے واشنگٹن لایا گیا ہے۔ ان کا تابوت امریکی کانگریس کی عمارت میں پہنچ گیا ہے جہاں امریکی اراکین کانگریس انہیں خراج عقیدت پیش کریں گے ۔
کارٹر کا تابوت ، جو ہفتے کے روز سے اٹلانٹا کے کارٹر صدارتی سنٹر میں تھا، منگل کی صبح ، ان کے بچوں اور رشتے داروں کی معیت میں اٹلانٹا کیمپس سے روانہ ہوا ۔ اسپیشل ائیر مشن 39 ڈبنز ائیر ریزرو بیس اٹلانٹا سے روانہ ہوا اور میری لینڈ میں جوائنٹ بیس اینڈریوز پہنچا۔
موٹر گاڑیوں کا ایک کونوائے ان کے تابوت کو لے کر ایک آخری سفر کے لیے کانگریس کی عمارت تک پہنچا جہاں اراکین کانگریس انہیں خراج عقیدت پیش کریں گے ۔
جارجیا ،اٹلانٹا میں آٹھ فوجیوں نے کارٹر کے تابوت کو تھام رکھا تھا جب کہ قریبی سڑک پر توپوں نے سلامی دی ۔ فوجی ان کے تابوت کو ایک گاڑی تک لے کر آئے جو اسے نیلے اور سفید بوئنگ 747 ائیر کرافٹ کے مسافر کمپارٹمنٹ تک لے کر گئی ۔
یہ ہی منظر واشنگٹن کے باہر دہرایا گیا ۔ سابق صدر کے تابوت کو طیارے سے باہر لایا گیا ، توپوں نے سلامی دی اور ایک فوجی بینڈ بجایا گیا ۔ جس کے بعد موٹر گاڑیوں کے ایک کونوائے کے ساتھ اسے واشنگٹن لایا گیا۔
اراکین کانگریس کے ایک دو جماعتی وفد کی قیادت میں تابوت کو کانگریس کی عمارت کے مرکز کیپیٹل روٹنڈا تک لایا گیا جو کانگریس کی مرکزی عمارت ہے ۔
ان ارکان میں کارٹر کی آبائی ریاست کی نمائندگی ڈیمو کریٹ سینیٹرز رافیل ورنوک اور جون اوسوف نے کی ۔ امریکی سپریم کورٹ کے نو میں سے تین جج بھی موجود تھے۔ روٹنڈا میں جسٹس جان رابرٹس، بریٹ کیوانا اور ایلینا کیگن واشنگٹن ڈی سی کی مئیر میورئیل باؤزر کے ساتھ کھڑے ہوئے۔
جب لوگ تابوت کی آمد کا انتظار کر رہے تھے تو اس وقت ایک امریکی فوجی بینڈ بجایا گیا ۔
کارٹر جن کا انتقال 29 دسمبر کو 100سال کی عمر میں ہوا تھا ، ان کا سرکاری فیونرل جمعرا ت کو واشنگٹن نیشنل کیتھیڈرل میں ہو گا ۔صدر جو بائیڈن ان کو نذرانہ عقیدت پیش کریں گے ۔
صدر کارٹر صرف ایک مدت کے لیے عہدے پر فائز ہوئے اور 1980 میں انہیں ری پبلکن امیدوار رونالڈ ریگن کے ہاتھوں شکست ہوئی۔
کارٹر صدارت سے سبکدوشی کے بعد سب سے زیادہ عرصہ زندہ رہنے کا ریکارڈ بھی رکھتے ہیں۔
جمی کارٹر رواں برس یکم اکتوبر کو 100 برس کے ہوئے تھے۔ ان کی سال گرہ سے قبل ہی اٹلانٹا کے تاریخی ہال فوکس تھیٹر میں ایک تقریب منقعد کی گئی تھی۔ اس کے مہمان ہزاروں میں تھے اور یہاں کئی فن کاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔
اٹلانٹا شہر میں کارٹر کی 100 ویں سال گرہ کی تقریب کا اہتمام کرنے میں ان کے پوتے جیسن کارٹر نے بنیادی کردار ادا کیا تھا۔
قصرِ صدارت سے نکلنے کے بعد کارٹر نے رفاحی کاموں کا سلسلہ شروع کیا اور تنازعات کے حل، جمہوریت کے فروغ اور گھروں کی تعمیر جیسے شعبوں میں خدمات انجام دیں۔
ان کی خدمات کے اعتراف میں 2002 میں کارٹر کو امن کا نوبیل انعام بھی دیا گیا تھا۔
اس رپورٹ کا مواد اے پی سے لیا گیا ہے۔
فورم