رسائی کے لنکس

جیا خان کی موت تاحال ایک معمہ، خُودکشی تھی یا پھر قتل؟


جیاخان کی فرانسک رپورٹ میں ان کے ناخن سے انسانی خون کے ذرات اور مزاحمت کے آثار ملے ہیں۔

جیاخان کا شمار بالی وُوڈ کی ان اداکاراؤں میں ہوتا ہے جو بھری جوانی میں ہی پُر اسرار دُھند کی لپیٹ میں آکر اس دنیا سے رخصت ہوئیں اور اپنے پیچھے بہت سے سوال چھوڑ گئیں۔

جیا خان کی موت کی اصل وجہ کیا تھی یہ جاننے کے لئے جیا خان کی قبر کشائی اور دوبارہ پوسٹمارٹم کی خبریں گردش کر رہی ہیں اور اگر ایسا ہوا تو یہ ان کی والدہ رابعہ خان کی درخواست پر ہوگا جن کو یقین ہے کہ ان کی بیٹی نے خود کشی نہیں کی بلکہ اسے قتل کیا گیا ہے۔

رابعہ خان کے شبہے کو اس بات سے بھی تقویت ملتی ہے کہ جیاخان کی فرانسک رپورٹ میں ان کے ناخن سے انسانی خون کے ذرات اور مزاحمت کے آثار ملے ہیں۔

’ٹائمز آف انڈیا‘، ’دکن کرونیکل‘، ’انڈین ایکسپریس‘، ’انڈو ایشین نیوز سروس‘ اور رائٹرز کی شائع کردہ رپورٹس کے ذریعے منظر عام پر آنے والی خبروں کے مطابق رابعہ خان نے تحقیقاتی ادارے کو وہ سی سی ٹی وی فوٹیج بھی فراہم کر دی ہے جس میں جیا خان اپنی موت سے صرف چند منٹ پہلے گھر میں داخل ہوتی نظر آ رہی ہیں اور انہوں نے ٹریک سوٹ پہنا ہوا ہے جبکہ ان کی لاش نائٹ گاؤن میں ملی۔

رابعہ خان کا کہنا ہے کہ پولیس فرانسک رپورٹ کو نظر انداز کر رہی ہے اس لئے تحقیقات بھارتی تحقیقاتی ادارے سی بی آئی سے کرائی جائے تا کہ انہیں انصاف مل سکے۔

پچیس سالہ جیاخان کو زندگی میں اتنی شہرت نہیں ملی جتنا مبینہ طور پر خودکشی کرنے کے بعد انہیں نصیب ہوئی۔ بگ بی امیتابھ بچن کیساتھ ’ نشبد‘ جیسی متنازعہ فلم اور عامرخان کی ’گھجنی ‘ کے سوا جیا کے کریڈٹ پر کوئی قابل ِذکر فلم نہیں تھی۔ جیا خان کا سب سے بڑا دھماکہ ان کی موت ثابت ہوئی جس نے بالی وُوڈ اور گلیمر ورلڈ کو ہلا کر رکھ دیا۔

تین جون کو ممبئی میں اپنے فلیٹ میں مردہ پائی جانے والی جیاخان کے بارے میں ابتدا میں یہ کہا گیا کہ جیا نے ناکام فلمی کیرئیر سے دلبرداشتہ ہو کر خود کشی کی لیکن صورتحال میں ڈرامائی موڑ اس وقت آیا جب جیا خان کی والدہ رابعہ خان نے اپنی بیٹی کی موت کو خودکشی کے بجائے قتل قرار دے کر جیا کے بوائے فرینڈ اور ویٹرن ایکٹر ادیتیہ پنچولی کے بیٹے سورج پنچولی کو اس کا ذمہ دار ٹھہرایا۔

رابعہ خان کی درخواست پرسورج پنچولی کو جیل کی ہوا بھی کھانا پڑی اور کئی دن کی تحقیقات کے بعد انہیں رہائی ملی۔ پنچولی اس بات سے انکار کرتے ہیں کہ جیا کی موت میں ان کا کوئی ہاتھ تھا۔

انڈین میڈیا کا کہنا ہے کہ جیا خان کی موت کا معاملہ اتنا سیدھا نہیں رہا جتنا دکھائی دے رہا تھا۔ 3 جون سے اب تک یہ واقعہ ایک معمہ بنا ہوا ہے۔ یہ معمہ کب اور کیسے حل ہوگا فی الحال یہ بتانا مشکل ہے۔

ماضی کی ایک اور ہیروئن ودیا بھارتی کی موت بھی پراسرار حالات میں ہوئی تھی۔ ابتداء میں اسے بھی خود کشی قرار دیا گیا تھا لیکن پھر جیسے جیسے وقت گزرتا گیا اس کیس پر وقت کی گرد تہہ در تہہ بیٹھتی چلی گئی۔ یہ معاملہ خودکشی تھا یا قتل۔۔ دنیا اب بھی اس حقیقت سے نا آشنا ہے۔
XS
SM
MD
LG