جمائما خان نے اپنے سابق شوہر عمران خان کی خفیہ شادی کی خبروں پر کئی دنوں کی خاموشی کو توڑتے ہوئے ٹوئٹر پر عمران خان کو شادی پر نیک تمناؤں کا پیغام دیا ہے۔
جمائما نے اپنی ٹویٹ میں عمران خان کی شادی پر اپنی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ، ''مجھے امید ہے کہ عمران خان اپنی زندگی کے اس نئے دور میں خوش رہیں گے۔''
برطانوی اخبار 'ڈیلی میل' نے اپنی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ 62 سالہ پاکستانی سیاست دان عمران خان نے 41 سالہ پاکستانی نژاد خاتون صحافی ریہام خان سے گزشتہ ماہ خفیہ شادی کی تھی۔
عمران خان نے تاحال اس خبر کی تصدیق نہیں کی ہے تاہم انہوں نے عندیہ دیا ہے کہ وہ اسی ہفتے اپی خانگی زندگی کے متعلق کوئی اعلان کریں گے۔
اخبار کا کہنا ہے جمائما نے بھی عمران خان کی شادی کی خبر پر اپنی خاموشی توڑ تے ہوئے نئے شادی شدہ جوڑے کے لیے اپنی نیک تمنائیں ظاہر کی ہیں۔
جمائما نے پچھلے دنوں عمران خان کی ریہام خان کے ساتھ خفیہ شادی کی خبروں پر اپنے خیرخواہوں کی طرف سے ملنے والی حمایت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ ''پاکستانیوں نے مجھے ہمیشہ محبت دی ہے جو مجھے ہمیشہ یاد رہے گی۔''
جمائما نے اس موقع پر پاکستانیوں کے ساتھ گہرا لگاؤ ظاہر کرتے ہوئے پیغام دیا ہے کہ ''میں ہمیشہ پاکستان سے محبت کرتی رہوں گی۔ میں اپنے بچوں کی شکر گزار ہوں اور اس محبت کی جو مجھے پاکستان میں دی گئی۔''
جمائما نے اپنے ایک اور ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ وہ ان سب پاکستانیوں کی بے حد شکر گزار ہیں جنھوں نے پچھلے دنوں اپنے محبت بھرے پیغامات انہیں بھیجے۔ ان کے بقول وہ ایسے پیغامات سے بہت زیادہ متاثر ہوئی ہیں۔
عمران خان اور جمائما گولڈ اسمتھ کی شادی1995 میں پیرس میں اسلامی طریقے سے ہوئی تھی جس کے نو سال بعد دوں کے درمیان علیحیدگی ہوگئی تھی۔ جمائما سے عمران خان کے دو بیٹے 18 سالہ سلیمان عیسی خان اور 15 سالہ قاسم خان ہیں۔