پاکستان میں ’جاز‘ میوزک کی مقبولیت اور اسے ایک نیا رنگ دینے کا سہرا میوزک بینڈ ’بلیو سا ایکس‘ کے سر جاتا ہے، جسے پاکستان کا پہلا جاز بینڈ ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔
سال 2011ء میں بنائے گئے بینڈ نے نہ صرف پاکستانی میوزک کو جاز کی موسیقی سے ہم آہنگ کیا، بلکہ اسے اپنے میوزک کے ذریعے عام آدمی کے مسائل کو بھی بڑی خوبصورتی سے اجاگر کیا۔
بینڈ کے رکن، طلحہ علی نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ بینڈ لاہور کی مختلف تقریبوں میں، جن میں کارپوریٹ سیکڑ کی تقریبات بھی شامل ہیں، اپنے فن کا مظاہرہ کرکے داد پا چکا ہے۔
بینڈ جہاں بھی پرفارم کرتا ہے اپنی لائیو پرفارمنس سے دیکھنے والوں کو خوب محفوظ کرتا ہے۔ بینڈ کے اب تک کئی سنگل ریلیز ہوچکے ہیں جنہیں سننے والوں نے بہت پسند کیا۔
بینڈ کے اب تک کے سفر کے بارے میں بات کرتے ہوئے اس کے بانی طلحہ علی کا کہنا ہے کہ ہم اپنے میوزک کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانا چاہتے ہیں اور اس کے لئے ہم اپنی محنت اور لگن سے کام جاری رکھیں گے۔