جاپان میں ایک تاجر نے 18 لاکھ ڈالرز سے زائد کی ایک مچھلی نیلامی میں خریدی ہے۔ جاپان میں یہ رقم 19 کروڑ 30 لاکھ (27 کروڑ 88 لاکھ پاکستانی روپے) پنتی ہے۔
یہ جاپان میں اب تک نیلام ہونے والی دوسری سب سے مہنگی مچھلی ہے۔
نیلامی کے ذریعے حاصل کی گئی اس مچھلی کے مالک کا کہنا ہے کہ وہ خوش نصیب ہیں کہ اس مچھلی کو خریدنے میں کامیاب رہے۔
نہایت مہنگے داموں خریدی جانے والی اس مچھلی کی قسم 'بلیو فن ٹونا' کہلاتی ہے۔ اتوار کو نیلام ہونے والی اس مچھلی کا وزن 276 کلو گرام ہے۔
مچھلی نیلامی میں اپنے نام کرنے والے تاجر کو جاپان کے بڑے سرمایہ داروں میں شمار کیا جاتا ہے جو ہوٹل اور ریسٹورنٹ کے کاروبار سے وابستہ ہیں۔
ان کا نام تو کیوشی کمیورا ہے لیکن وہ 'ٹونا کنگ' کے نام سے اپنی منفرد پہچان اور شہرت رکھتے ہیں۔
نیلامی میں کامیابی کے بعد اتوار کو صحافیوں سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ مچھلی مہنگی ضرور ہے لیکن ان کے گاہکوں کی پسند کے مقابلے میں کچھ بھی نہیں۔
صحافیوں کو ایک سوال کے جواب میں ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ اپنے گاہکوں کو بہتر سے بہتر مجھلی کھلانا پسند کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ مچھلی اپنی نسل کے لحاظ سے بہترین اور کھانے میں بہت ذائقے دار ہوتی ہے۔
کیمورا ہرسال ٹوکیو کی منڈی میں سال کی پہلی نیلامی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں اور نیلامی میں سے زیادہ بولی لگاتے ہیں۔
پچھلے سال بھی انہوں نے ایک مچھلی 31 لاکھ ڈالر میں خریدی تھی جس کا وزن 278 کلوگرام تھا۔