اگلے ہفتے جب جاپان کے وزیر اعظم واشنگٹن کا دورہ کریں گے تو وہ صدر رونلڈ ٹرمپ کو 450 ارب ڈالر کے ایک اقتصادی پیکیج کا منصوبہ پیش کریں گے جس کے متعلق کہا گیا ہے کہ اس سے امریکہ میں روزگار کے 7 لاکھ نئے مواقع پیدا ہو ں گے۔
خبر رساں ادارے روئیٹرز نے جاپان کے ذرائع کے حوالے سے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا کہ وزیر اعظم شینزو ابیے 10 فروری کو واشنگٹن کے اپنے دورے میں تیز رفتار گاڑیوں اور سائیبر سیکیورٹی جیسے منصوبوں میں سرمایہ کاری سے متعلق پانچ حصوں پر مشتمل ایک منصوبہ پیش کریں گے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ذرائع نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست کی ، کیونکہ اسے میڈیا سے بات کرنے کی اجازت نہیں ہے۔
جاپان اعلی معیار کی انفراسٹرکچر ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری کا ارادہ رکھتا ہے۔ جس میں تقریباً 150 ارب ڈالر اگلے 10 برسوں کے دوران سرکاری اور پرائیویٹ شعبوں میں لگائے جائیں گے۔
اس سرمایہ کاری سے شمال مشرقی امریکہ میں تیزرفتار ریل گاڑیاں اور ریاست ٹیکساس اور کیلی فورنیا میں جدید سب ویز اور ٹرین کاریں چلانے کا نظام قائم کرنے میں مدد ملے گی۔
اس پیکیج میں عالمی انفراسٹرکچر میں مشترکہ سرمایہ کاری کا منصوبہ بھی شامل ہے جس کے تحت روبوٹ، مصنوعی ذہانت کے منصوبے ، سائیبر سیکیورٹی اور خلائی تحقیق کے پروگرامو ں پر کام کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت اس پیکیج کے لیے اپنے زرمبادلہ کےذخائر استعمال کر سکتی ہے اور حکومت سے منسلک مالیاتی اداروں کے مالی وسائل سے مدد لے سکتی ہے۔