رسائی کے لنکس

’جلیبی‘ کی مٹھاس کے آگے کرکٹ ’کلین بولڈ‘ ہوگئی


پاکستان آسٹریلیا سے کوارٹر فائنل میں کیا ہارا، کرکٹ کا بخار ہی اتر گیا۔ چنانچہ، لوگوں کی دلچسپی ایک بار پھر فلم اسکرین کی جانب ہوگئی ہے اور اس کا ثبوت یہ ہے کہ پاکستانی فلم ’جلیبی‘ ریلیز کے پہلے ہی دن ایک کروڑ کا بزنس کرنے میں کامیاب ہوگئی

پچھلے دنوں ہم نے آپ کو ’باکس آفس اور کرکٹ‘ کے درمیان دلچسپ مقابلے کے بارے میں بتایا تھا ۔۔اب اس کا نتیجہ بھی سن لیجئے۔۔۔

پاکستان آسٹریلیا سے کوارٹر فائنل میں کیا ہارا، کرکٹ کا بخار ہی اتر گیا۔ چنانچہ، لوگوں کی دلچسپی ایک بار پھر فلم اسکرین کی جانب ہوگئی ہے اور اس کا ثبوت یہ ہے کہ پاکستانی فلم ’جلیبی‘ ریلیز کے پہلے ہی دن ایک کروڑ کا بزنس کرنے میں کامیاب ہوگئی۔

فلم ’جلیبی‘ 20 مارچ کو 37 شہروں کے 71 اسکرینز پرنمائش کے لئے پیش کی گئی جسے عوام نے خوب پذیرائی بخشی۔ فلم ڈسٹری بیوشن کمپنی ’اے آر وائی فلمز‘ کے دعویٰ کے مطابق، فلم نے ایک دن میں ایک کروڑ کا بزنس کیا۔

فلم کی کامیابی پر تبادلہ خیال کے حوالے سے ’وائس آف امریکہ‘ کے نمائندے نے اے آر وائی فلمز کے ایک عہدیدار سے بار بار رابطہ کیا۔ تاہم، ان کی جانب سے کوئی رسپانس نہیں آیا۔

فلم کی کامیابی پاکستانی سنیما کی تاریخ میں ایک مثبت اشارے کے طور پر لی جا رہی ہے، کیوں کہ ایک جانب تو ورلڈ کپ جاری تھا تو دوسری جانب 20مارچ کو تعطیل بھی نہیں تھی ایسے میں فلم کی کامیابی قابل ذکر ہے۔

’ٹری بیون‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق، ’سنے پیکس سینماز کے اسسٹنٹ مارکیٹنگ مینجر عابد علی زیدی کا کہنا ہے کہ ’جلیبی‘ کے اوپننگ شوز میں رش 50 سے 70 فیصد رہا۔ لیکن، جیسا کہ توقع کی جارہی تھی سنگل اسکرین پر ’جلیبی‘ اتنا زیادہ رش نہ لے پائی اور وہاں ملنے والا رسپونس ’نارمل‘ ہی رہا۔‘

اس کے مقابلے میں بمبینو سنیما کے مالک شیخ عدیل امتیاز کے حوالے سے کہا جا رہا ہے کہ ’جلیبی‘ کی اوپننگ ’نامعلوم افراد‘ کی طرح کی تو نہیں رہی لیکن امکان ہے کہ آنے والے دنوں میں فلم کا بزنس مزید بڑھے گا۔‘

’جلیبی‘ کو اس حوالے سے بھی خوش قسمت ریلیز کہا جا سکتا ہے کہ اسے باکس آفس پر ’ٹف ٹائم‘ دینے کے لئے کوئی بڑی بالی وڈ فلم میدان میں نہیں تھی۔

’جلیبی‘ کے مدمقابل فلموں میں انوشکا شرما کی ”این ایچ10“،شاہ رخ خان کی ’دیوداس‘ اور للی جیمز کی ’سینڈریلا‘ شامل تھیں لیکن ان میں سے کوئی بھی فلم باکس آفس کو متاثرنہیں کر سکی۔

پاکستانی باکس آفس پر ریلیز کے پہلے دن سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلموں میں ایک کروڑ نوے لاکھ روپے کے ساتھ ”دھوم 3“پہلے، ’وار‘ ایک کروڑ چارلاکھ روپے کے ساتھ دوسرے اورنوے لاکھ روپے کے بزنس کے ساتھ ”چنائی ایکسپریس “ تیسرے نمبر پر ہے۔

XS
SM
MD
LG