رسائی کے لنکس

بھارتی اداکارہ جیکولین فرنینڈس پر منی لانڈرنگ کا الزام


فائل فوٹو
فائل فوٹو

بالی وڈ کی مشہور اداکارہ جیکولین فرنینڈس پر بھارت کے تحقیقاتی اداروں نے الزام لگایا ہے کہ وہ بھی 200 کروڑ روپے کے بھتے کے کیس میں منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں۔

بھارتی اخبار ’ہندوستان ٹائمز‘ کی رپورٹ کے مطابق جیکولین فرنینڈس سے قبل ازیں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) پوچھ گچھ کر چکی ہے۔ ممکنہ طور پر اس کیس کے مرکزی ملزم سکیش چندرشیکھر کے ساتھ ان کو بھی نامزد کیا جائے گا۔

انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ جیکولین فرنینڈس کے لگ بھگ سات کروڑ مالیت کے اثاثے ضبط کر چکی ہے۔

خبر رساں ادارے ’پی ٹی آئی‘ کے مطابق انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے بدھ کو ضمنی چالان عدالت میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا، جس میں اداکارہ کو بھی اس کیس میں نامزد کیا گیا ہے۔

انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی تحقیقات کے دوران جب جیکولین فرنینڈس سے تفتیش کی گئی تھی تو انہوں نے بتایا تھا کہ انہیں سکیش چندرشیکھر نے تحائف دیے تھے البتہ انہوں نے کسی بھی منی لانڈرنگ کی تردید کی تھی۔

تحقیقاتی ادارے کے مطابق سکیش چندرشیکھر نے جیکولین فرنینڈس کو لگ بھگ پانچ کروڑ 71 لاکھ روپے کے تحائف دیے جن میں گاڑیاں، ہیروں سے مزین زیورات، ایک گھوڑا، تین بلیاں اور دیگر چیزیں شامل ہیں۔

بھارتی فلموں کی شوٹنگ کے لیے مشہور باغ
please wait

No media source currently available

0:00 0:01:17 0:00

نشریاتی ادارے ’این ڈی ٹی وی‘ کے مطابق چندرشیکھر نے جو گھوڑا جیکولین فرنینڈس کو دیا تھا اس کی مالیت لگ بھگ 52 لاکھ روپے تھے جب کہ ہر بلی کی قیمت نو لاکھ روپے سے زائد تھی۔

انورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے ابتدائی بیان میں بتایا کہ جیکولین فرنینڈس کے قریبی عزیزوں کو ایک لاکھ 72 ہزار امریکی ڈالرز اور 26 ہزار 740 آسٹریلوی ڈالرز حوالہ اور ہنڈی کے ذریعے پہنچائے گئے۔ یہ کام اس کیس میں شریک ملزم اواتار سنگھ کوچار کے ذریعے کیا گیا جو کہ حوالہ اور ہنڈی کے حوالے سے مشہور ہے۔

جیکولین فرنینڈس نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کو بتایا تھا کہ چندراشیکھر نے ایک فلم کے اسکرپٹ کے ساتھ ان سے رابطہ کیا تھا البتہ ابتدا میں انہوں نے اپنی حقیقی شناخت نہیں بتائی تھی۔

خیال رہے کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ دہلی پولیس کے درج کیے گئے اس کیس پر تحقیقات کر رہی ہے جس میں چندراشیکھر پر الزام عائد کیا گیا ہے انہوں نے مختلف لوگوں سے سرکاری افسر بن کر رابطہ کرکے انہیں دھمکایا اور بھتہ وصول کیا۔

چندرشیکھر نے جیل سے سابقہ پروموٹر شیوندر سنگھ کی اہلیہ ادیتی سنگھ سے رابطہ کیا اور ایک برس میں ان سے لگ بھگ 200 کروڑ روپے بھتہ وصول کیا۔

پاکستان کے 75 سال: فلم انڈسٹری پیچھے کیوں رہ گئی؟
please wait

No media source currently available

0:00 0:08:40 0:00

ادیتی سنگھ سے فون کالز کے دوران وہ دعویٰ کرتے تھے کہ وہ ریاست کے سیکریٹری داخلہ، سیکریٹری قانون ہیں جب کہ بعض اوقات انہیں بتایا کہ وہ وزیرِ اعظم کے دفتر سے بات کر رہے ہیں۔

ان پیسوں کی وصولی کے ساتھ ساتھ انہوں نے ادیتی سنگھ کو یقین دہانی کرائی کہ وہ ان کے جیل میں قید شوہر کو رہا کرا دیں گے۔

اسی کیس کی تحقیقات کے دوران انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ اداکارہ جیکولین فرنینڈس تک پہنچی ہے۔ تحقیقاتی ادارے کے حکام نے ایک تصویر میں جیکولین فرنینڈس اور سکیش چندر شیکر کو ایک ساتھ دیکھا تھا۔

خیال رہے کہ جیکولین فرنینڈس سری لنکا کی شہری ہیں جب کہ انہوں نے بالی وڈ میں اپنے کریئر کا آغاز 13 برس قبل کیا تھا۔

اس کیس میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ آٹھ افراد کو گرفتار کر چکا ہے جن میں سکیش چندراشیکھر اور اُن کی اہلیہ ماریہ پاؤل بھی شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG