رسائی کے لنکس

کیا مانچسٹر یونائیٹڈ برائے فروخت ہے؟


فائل فوٹو
فائل فوٹو

انگلش پریمیئر لیگ کے مقابلوں میں مانچسٹر یونائیٹڈ 30 سال کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پوائنٹس ٹیبل پر آخری نمبر پر ہے۔ انگلش کلب کی اس کارکردگی کو دیکھتے ہوئے جہاں اس کے مداح مایوس ہیں وہیں دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک نے اسے خریدنے کی پیش کش کر دی ہے۔

امریکی ٹیکنالوجی کمپنی 'ٹیسلا' اور 'اسپیکس ایکس' کے سربراہ ایلون مسک نے کہا ہے کہ وہ مانچسٹر یونائیٹڈ کو خرید رہے ہیں۔ تاہم اب تک یہ واضح نہیں ہے کہ وہ اس حوالے سے کتنے سنجیدہ ہیں۔

بدھ کو ایک ٹویٹ میں مسک نے کہا کہ وہ انگلش فٹ بال کلب کو خریدنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے یہ بیان ایسے موقع پر دیا ہے جب انہیں سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر کو خریدنے کے اعلان کے بعد قانونی چارہ جوئی کا سامنا ہے۔

واضح رہے کہ انگلش پریمیئر لیگ کے رواں سیزن میں مانچسٹر یونائیٹڈ کو مسلسل دو میچز میں ناکامی کا سامنا رہا ہے اور وہ 20 ٹیموں کے اس مقابلے میں یہ آخری نمبر پر ہے۔

یہ پہلا موقع ہے کہ مانچسٹر یونائیٹڈ گزشتہ 30 برسوں میں انگلش پریمیئر لیگ کے مقابلوں میں پوائنٹس ٹیبل پر آخری نمبر پر ہے۔ اس سے قبل انگلش پریمیئر لیگ کے گزشتہ سیزن میں مانچسٹر یونائیٹڈ نے چھٹی پوزیشن حاصل کی تھی۔

مانچسٹر یونائیٹڈ کو خریدنے سے متعلق ایلون مسک کے بیان پر فٹ بال کلب کے مداح حیران ہیں۔ تاہم ماضی میں بھی مسک ایسے بیانات دیتے رہے ہیں جن سے یہ گمان ہوتا ہے کہ شاید وہ مذاق کر رہے ہوں۔

بدھ کو بھی انہوں نے ایک اور مبہم سا ٹویٹ کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ وہ امریکہ کی دو بڑی مقبول جماعتوں ری پبلکن اور ڈیموکریٹک کے نصف نصف ارکان کی حمایت کرتے ہیں۔

ایلون مسک نے حال ہی میں اپنی کمپنی 'ٹیسلا' کے سات ارب ڈالر کے شیئرز فروخت کیے ہیں۔ انہیں ٹوئٹر کو خریدنے کے ایک منصوبے پر امریکی ریاست ڈیلاویئر میں قانونی لڑائی کا بھی سامنا ہے۔

خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق مانچسٹر یونائیٹڈ کلب کے مالک آنجہانی امریکی کاروباری شخصیت مالکوم گلیزر کے چھ بچے ہیں۔ گلیزر نے 2005 میں اس فرنچائز کا کنٹرول سنبھالا تھا اور نیویارک اسٹاک ایکسچینج میں اس کے شیئرز مسلسل گر رہے ہیں۔

ایلون مسک کی جانب سے مانچسٹر یونائیٹڈ کلب خریدنے کے بیان پر مالکوم گلیزر کی فیملی کی جانب سے فوری طور پر کوئی ردِ عمل سامنے نہیں آیا ہے۔

واضح رہے کہ مانچسٹر یونائیٹڈ کے مداح ٹیم کی حالیہ برسوں کے دوران ناقص کارکردگی پر کلب کی منیجمنٹ سے خفا ہیں اور انہوں نے یورپ کے فٹ بال کلبوں پر مشتمل 'سپر لیگ' کے قیام کے منصوبے کا حصہ بننے پر بھی غصے کا اظہار کیا تھا۔

اس خبر کے لیے کچھ مواد خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' سے لیا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG