رسائی کے لنکس

اٹلی میں ایک دن میں 919 افراد ہلاک


اٹلی میں ایک بار پھر کرونا وائرس سے اموات میں شدت آگئی ہے اور چوبیس گھنٹوں میں 919 افراد ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ جبکہ امریکہ میں مریضوں کی تعداد ایک لاکھ سے زیادہ ہوگئی ہے۔

جان ہاپکنز یونیورسٹی اور ورڈومیٹرز کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق دنیا کے 199 ملکوں اور خود مختار علاقوں میں 5 لاکھ 75 ہزار سے زیادہ افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوچکی تھی جبکہ 27 ہزار سے زیادہ افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔ جمعرات اور جمعہ کو سوا لاکھ نئے کیسز کی تصدیق ہوئی۔

اٹلی میں جمعے کو 919 مریضوں کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 9 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔ تقریباً چھ ہزار نئے مریضوں کی تصدیق کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 86 ہزار ہوگئی ہے جو چین سے زیادہ ہے۔

امریکہ جمعرات کو کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ملک بن گیا تھا۔ یہاں جمعہ کی سہہ پہر تک ایک لاکھ کیسز کی تصدیق ہوچکی تھی، جبکہ 1500 سے زیادہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ جمعرات کو صرف نیویارک میں 100 سے زیادہ اموات ہوئیں۔

اٹلی کی طرح سپین میں بھی وائرس کی شدت میں کمی نہیں آرہی۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران وہاں 569 ہلاکتیں ہوئیں اور چھ ہزار سے زیادہ نئے کیسز سامنے آئے۔ اس طرح کل ہلاکتیں 4900 اور مریضوں کی تعداد 64 ہزار سے زیادہ ہوگئی ہے۔

فرانس میں چوبیس گھنٹوں کے دوران 299 افراد ہلاک ہوئے اور 3800 سے زیادہ نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی۔ وہاں کل ہلاکتیں 1995 اور مجموعی کیسز تقریباً 33 ہزار ہوچکے ہیں۔

برطانیہ میں جمعرات کو پہلی بار سو سے زیادہ اموات ہوئی تھیں۔ جمعے کو ان میں مزید اضافہ ہوا اور چوبیس گھنٹوں میں یہ تعداد 181 تک پہنچ گئی۔ وہاں 2800 سے زیادہ نئے کیسز کے ساتھ مریضوں کی مجموعی تعداد ساڑھے 14 ہزار اور ہلاکتوں کی تعداد 759 ہوگئی ہے۔

نیدرلینڈز میں پہلی بار ایک دن میں سو ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ جمعے کو 112 افراد کا انتقال ہوا اور 1100 سے زیادہ نئے مریضوں کا علم ہوا۔ ہلاکتوں کی کل تعداد 546 اور مریضوں کی تعداد ساڑھے 8 ہزار تک پہنچ چکی ہے۔

جرمنی میں وائرس میں مبتلا افراد کی تعداد 50 ہزار ہوگئی ہے جہاں جمعے کو بھی چھ ہزار کیسز سامنے آئے لیکن 71 مزید ہلاکتوں کے ساتھ مرنے والوں کی تعداد سوا 300 ہے جو دوسرے ملکوں سے کم شرح ہے۔

ایران میں جمعے کے دن 144 افراد ہلاک ہوئے اور 2900 سے زیادہ افراد کے وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق ہوئی۔ وہاں کل ہلاکتیں 2300 اور کل مریض 32 ہزار ہوچکے ہیں۔

کرونا وائرس کی جنم بھومی چین میں چوبیس گھنٹوں کے دوران پانچ افراد ہلاک ہوئے اور صرف 55 نئے مریض سامنے آئے۔ وہاں ہلاکتوں کی تعداد 3292 اور کیسز کی تعداد 81 ہزار ہے۔ ان میں سے 74 ہزار افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG