رسائی کے لنکس

اٹلی جہاز حادثہ، امدادی سرگرمیاں معطل


اٹلی جہاز حادثہ، امدادی سرگرمیاں معطل
اٹلی جہاز حادثہ، امدادی سرگرمیاں معطل

اٹلی کے ساحل کے نزدیک حادثےکا شکار ہونے والے مسافر بردار بحری جہاز کے الٹنے کے خدشے کے پیشِ نظر جائے حادثہ پر جاری امدادی سرگرمیاں پیر کو معطل رہیں۔

پرتعیش بحری جہاز 'کوسٹا کنکورڈیا' جمعہ کو خراب موسم کے باعث اٹلی کے شمالی ساحل کے نزدیک ریت میں پھنس گیا تھا جس کی ذمہ داری جہاز کی منتظم کمپنی نے کپتان پر عائد کی ہے۔

حادثے میں چھ افراد ہلاک ہوگئے تھے جب کہ کم از کم 14 افراد تاحال لاپتا ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔ جہاز پر کل چار ہزار سے زائد افراد سوار تھے۔

حکام جہاز کی صورتِ حال پر نظر رکھے ہوئے ہیں جو ریت میں دھنسنے کے بعد ایک جانب کو جھک گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ امدادی سرگرمیوں کے دوبارہ آغاز کے بارے میں فی الحال کچھ نہیں کہا جاسکتا۔

دریں اثناء جہاز کی منتظم کمپنی کے ایک ترجمان نے الزام عائد کیا ہے کہ کپتان جہاز کو ساحل کے بہت قریب لے آیا تھا اور اس نے حادثے کے بعد ہنگامی حالت میں فیصلے کرتے وقت کمپنی کے ان قواعد وضوابط کو ملحوظ خاطر نہیں رکھا جو عالمی معیار کے مطابق ہیں۔

اتوار کی شب جاری کیے گئے اپنے اس بیان میں کمپنی نے قواعد کی ان خلاف ورزیوں کا ذکر نہیں کیا جو کپتان سے سرزد ہوئیں۔

جہاز کا کپتان فرانسسکو شیٹینو اس وقت پولیس کی تحویل میں ہے اوراس پر کئی افراد کے قتل سمیت جہاز کو مقررہ راستے سے ہٹ کر چلانے اور تمام مسافروں کی جان بچانے سے قبل ہی جہازسے فرار ہوجانے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

XS
SM
MD
LG