رسائی کے لنکس

انخلاء کے احکامات کے بعدخان یونس  پراسرائیل کے زمینی اورفضائی حملے


خان یونس پر اسرائیلی حملوں کے بعد ایک لڑکا نصر اسپتال کے باہر روتے ہوئے، فوٹو اے ایفپی 24 جولائی 2024
خان یونس پر اسرائیلی حملوں کے بعد ایک لڑکا نصر اسپتال کے باہر روتے ہوئے، فوٹو اے ایفپی 24 جولائی 2024

  • اسرائیل کی فوج نے بدھ کے روز کہا کہ اس کی فورسز نےغزہ شہر کے جنوبی علاقے خان یونس میں زمینی اور فضائی حملےکیے ہیں۔
  • اقوام متحدہ کے عہدےداروں نے علاقے کے رہائشیوں کے بارے میں تشویش کا اظہار کیاہے۔
  • انخلا کے تازہ احکامات کے بعد ایک اندازے کے مطابق ڈیڑھ لاکھ لوگ خان یونس سے فرار ہو چکے ہیں: اقوام متحدہ۔
  • اسرائیل کی فوج نے بدھ کو یہ بھی کہا کہ اس نے پوری غزہ کی پٹی میں درجنوں فضائی حملے کیے اور رفح میں چھاپے مارے۔
  • اسرائیلی فورسز نے جنوبی لبنان میں ایران کے حمایت یافتہ عسکریت پسند گروپ حزب اللہ کو نشانہ بنایا۔

اسرائیل کی فوج نے بدھ کے روز کہا کہ اس کی فورسز نےغزہ شہر کے جنوبی علاقے خان یونس میں زمینی اور فضائی حملےکیے ہیں۔ اسرائیل کے انخلاکے احکامات کے بعد اندازے کے مطابق ڈیڑھ لاکھ لوگ خان یونس سے فرار ہو چکے ہیں۔

غزہ میں وزارت صحت نے بدھ کو اطلاع دی ہےکہ اسرائیلی حملوں میں ہلاک ہونے والے 55 افراد کی لاشیں گزشتہ روز اسپتالوں میں لائی گئی تھیں اور اکتوبر میں جنگ شروع ہونے کے بعد سے ہلاکتوں کی تعداد کم از کم 39,145 تک پہنچ گئی ہے۔

اقوام متحدہ کے عہدےداروں نے علاقے میں شہریوں کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا ہے، انسانی ہمدردی سے متعلق اسکےادارے نے منگل کو کہاتھا کہ اسرائیل کے انخلاکے احکامات کے تازہ ترین مرحلے کے بعد ایک اندازے کے مطابق ڈیڑھ لاکھ لوگ خان یونس سے فرار ہو چکے ہیں۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کے ترجمان اسٹیفن دوجارک نے منگل کو نامہ نگاروں کو بتایا کہ انخلا کے احکامات جاری کیے جانے اور اسرائیلی فورسز کی جانب سے ان علاقوں میں اپنی کارروائیوں میں اضافہ کرنے کے درمیان وقفہ مختصرتھا۔

انخلا کےاحکامات کے بعد خان یونس سے فلسطینیوں کے انخلا کا ایک منظر، فوٹورائٹرز 2 جولائی 2024
انخلا کےاحکامات کے بعد خان یونس سے فلسطینیوں کے انخلا کا ایک منظر، فوٹورائٹرز 2 جولائی 2024

دوجارک نے کہا ’’ انخلا کا ہر حکم لوگوں کی زندگیوں میں گہرا خلل ڈالتا ہے ۔ لوگوں کو ایسے علاقوں میں منتقلی پر مجبور کیا گیا جہاں بہت کم یا کوئی انفرا اسٹرکچر نہیں تھا۔۔۔۔۔جہاں پناہ گاہ ، صحت،پانی کی نکاسی اور زندگی بچانے والی معاونت انتہائی محدود پیمانے پر دستیاب ہے ۔’’

اسرائیل کی فوج نے بدھ کو یہ بھی کہا کہ اس نے پوری غزہ کی پٹی میں درجنوں فضائی حملے کرتے ہوئے جنوبی شہر رفح میں چھاپے مارے۔

اسرائیلی فورسز نے جنوبی لبنان میں رات گئے ایک فضائی حملہ کیا جس میں ایران کے حمایت یافتہ عسکریت پسند گروپ حزب اللہ کو نشانہ بنایا گیا۔ اسرائیل کی ڈیفینس فورسز نے بدھ کو کہا کہ یہ حملہ منگل کو علاقے سے راکٹ فائر کرنے کے جواب میں کیا گیا۔

اسرائیلی ائیر فورس نے مشرق سے اسرائیل کی جانب پرواز کرنے والے دو ڈرونز کو مار گرانے کی بھی اطلاع دی، جواسرائیلی فضائی حدود میں داخل ہونے سے پہلے ہی تباہ ہو گئے۔

اسرائیلی فوج کا ایک جیٹ طیارہ 24 جولائی 2024 کو خان یونس کی فضا پر پرواز کرتے ہوئے فوٹو اے ایف پی۔
اسرائیلی فوج کا ایک جیٹ طیارہ 24 جولائی 2024 کو خان یونس کی فضا پر پرواز کرتے ہوئے فوٹو اے ایف پی۔

عراق میں ایران کے حمایت یافتہ دھڑوں کے ایک گروپ، اسلامی مزاحمتی فورس نے کہا ہے کہ اس نے اسرائیلی شہر ایلات کو ہدف بنانے کے لئے ڈرونز استعمال کئے۔

غزہ میں جنگ سات اکتوبر کو حماس کے عسکریت پسندوں کی طرف سے اسرائیل پر حملے کے ساتھ شروع ہوئی، جس میں 1,200 افراد ہلاک اور تقریباً 250 افراد کو یرغمال بنایا گیا۔

اسرائیلی حکام کے مطابق، تقریباً 120 یرغمالی ابھی بھی غزہ میں قید ہیں، جن میں سے تقریباً ایک تہائی کے بارے میں خیال ہے کہ وہ ہلاک ہو چکے ہیں۔

امریکہ، مصر اور قطر اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کرانے کے لیے کام کر رہے ہیں جس میں لڑائی کو روکنا، یرغمالوں کی رہائی اور غزہ کے لیے انسانی امداد میں اضافہ شامل ہے۔

جمعرات کو مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کے لیے ایک اسرائیلی وفد کی قاہرہ میں آمد متوقع ہے۔

اس رپورٹ کے لیے کچھ معلومات دی ایس اے پی اور رائٹرز نے فراہم کی ہیں۔

فورم

XS
SM
MD
LG