اسرائیل کے صدر شمون پیریز مصر کے صدر حسنی مبارک سے ملاقات کے لئے قاہرہ پہنچ گئے ہیں۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطعی میٕں امن کے لئے مذاکرات شروع کرنے کی تجویز پر بات چیت کی ہے۔
عرب لیگ نے اسرائیل اور فلسطین کے درمیان براہ راست مذاکرات کی حمایت کی ہے مگر صرف اسی صورت میں جب فلسطین اس کے لئے تیار ہو۔ فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ امریکی صدر براک اوباما نے ایک خط میں فلسطینی صدر محمود عباس پر اسرائیل کے ساتھ براہ راست مذاکرات کے پرزور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر فلسطین نے ایسا نہیں کیا تودونوں ممالک کے تعلقات متاثر ہو سکتے ہیں۔
اسرائیل کے وزیر اعظم بینجمن نتنیاہو فلسطین کے ساتھ براہ راست مذاکرات کے لئے دباؤ ڈال رہے ہیں۔ مگر محمود عباس نے کہا ہے کہ فلسطین تب تک براہ راست مذاکرات میں شریک نہیں ہو گا جب تک اسرائیل مشرقی یروشلم اور ٕمغربی کنارے میں نئی آبادیوں کی تعمیر روک نہیں دیتا۔
دریں اثنا اسرائیلی طیاروں نے ہفتے کو اسرائیل کی سرحد کے اندر ایک قصبے پر حملوں کے جواب میں غزہ کی پٹی میں دو سرنگوٕں پر راکٹوں سے حملہ کیا ہے جو مبینہ طور پر سمگلنگ کے لئے استعمال کئے جا رہے تھے۔ غزہ میں فلسطینی جنگجوؤں کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے ہوائی حملے ٕمیں کوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔
اتوار کو کابینہ کے ایک اجلاس میں وزیر اعظم نتنیاہو نے تشدد کے واقعات کے لئے فلسطینی گروہ حماس کو ذمہ دار ٹھہرایا ۔