اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ ملک کے شمالی حصے میں واقع جنگل میں لگنے والی آگ کی لپیٹ میں آکر کم از کم 40 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق تمام ہلاک شدگان ایک بس میں سوار تھے جو حادثاتی طور پر اسرائیل کے شہر حیفہ کے نزدیک واقع کارمل کی پہاڑیوں کے جنگلات میں لگنے والی آگ کی لپیٹ میں آگئی تھی۔
حکام کا کہنا ہے کہ بس کے ذریعے نزدیک ہی واقع ڈیمون نامی جیل سے 50 کے لگ بھگ افراد کو منتقل کیا جارہا تھا کہ جب بس تیز رفتاری کے باعث الٹ گئی اور تیز ہواؤں کے باعث پھیلنے والی آگ کی لپیٹ میں آگئی۔
انتظامیہ نے ڈیمون جیل سے 500 قیدیوں کو دیگر محفوظ مقامات پر منتقل کردیا ہے جبکہ نزدیکی دیہات کو بھی آبادی سے خالی کرالیا گیا ہے۔
ابتدائی اطلاعات میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ جنگل میں لگنے والی آگ کا آغاز علاقے کے نزدیک غیرقانونی طور پر قائم کچرا پھینکنے کی ایک جگہ سے ہوا۔ امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کا کہنا ہے کہ آگ سے اب تک 325 ہیکٹر اراضی خاکستر ہوچکی ہے جبکہ اسرائیل میں جنگل میں آگ لگنے کے اس واقعہ کو اپنی نوعیت کا سب سے بڑا واقعہ قرار دیا جارہا ہے۔