رسائی کے لنکس

اسرائیلی فوج کا ایرانی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے کا دعویٰ 


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

اسرائیل کی فوج نے شام میں ایرانی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج نے پیر کی صبح جاری ایک بیان میں حملے کی تصدیق کی ہے جبکہ حملوں کے نتیجے میں مختلف میڈیا رپورٹس میں 11 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔

اسرائیلی فوج کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ حملے میں قدس فورس کے مرکز کو نشانا بنایا گیا ہے تاہم حملے سے قبل شامی فوجوں کو خبردار کیا گیا تھا کہ وہ اسرائیلی افواج کو کسی بھی قسم کا نقصان پہنچانے سے باز رہیں۔

دوسری جانب شامی فوج کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے حملے میں بڑے پیمانے پر گائیڈڈ میزائل استعمال کئے گئے تاہم ان میزائلوں کو ہدف پر پہنچنے سے پہلے ہی ناکام بنادیا گیا۔

شامی فوج کے مطابق اسرائیل کی جانب سے چھ میزائل داغے گئے جن میں سے پانچ کو فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا جب کہ چھٹے میزائل کا رخ ایک خالی جگہ کی جانب موڑ دیا گیا۔

شام کے آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے میڈیا کو جاری خبر میں کہا ہے کہ اسرائیلی فوج کے حملوں کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں تاہم ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔

شامی دارالحکومت کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے اتوار کی دوپہر پانچ دھماکوں کی آوازیں سنیں۔

ایک اور اطلاع کے مطابق ایران کی جانب سے تاحال اسرائیلی فوج کے حملے پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

XS
SM
MD
LG