اسرائیل کی پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے رواں ہفتے سخت سیکیورٹی والی گلبوا جیل سے فرار ہونے والے چھ فلسطینی قیدیوں میں سے چار کو دوبارہ گرفتار کر لیا ہے۔
امریکی خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس‘ کے مطابق گرفتار کیے جانے والے چاروں قیدی شمالی اسرائیل میں کی جانے والی دو مختلف کارروائیوں میں گرفتار کیے گئے۔
ہفتے کی صبح پولیس کا کہنا تھا کہ ان قیدیوں میں سے دو قیدیوں کو نزاریتھ اور عرب شہر سے گرفتار کیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق ان گرفتاریوں نے اسرائیل کو ان قیدیوں کے فرار ہونے کے باعث ہونے والی شرمندگی سے کسی حد تک بچا لیا ہے جس سے اسرائیل کے جیلوں کے نظام میں خامیوں کی نشان دہی ہوئی تھی اور جیل سے فرار ہونے والے یہ قیدی فلسطینیوں کے لیے ہیرو بن گئے تھے۔
جمعے کو رات گئے فلسطینی عسکریت پسندوں نے ان قیدیوں سے یک جہتی دکھاتے ہوئے غزہ پٹی سے راکٹ بھی فائر کیے تھے جس کے جواب میں اسرائیل کی طرف سے بھی فضائی حملے کیے گئے۔
خیال رہے کہ فلسطینی اسرائیلی جیلوں میں بند ان قیدیوں کو اپنے ہیرو تصور کرتے ہیں اور سوشل میڈیا پر قیدیوں کے فرار پر خوشی کا اظہار کیا گیا تھا۔
ہفتے کو پولیس کا کہنا تھا کہ اس نے دو قیدیوں کو گرفتار کیا ہے جس میں ذکریا زبیدی بھی شامل ہیں جو کہ ام الگنام کے عرب ٹاؤن میں کھڑے ٹرک میں چھپے ہوئے تھے۔
اسرائیل کے اخبار ‘ہیرٹز’ نے سیکیورٹی حکام کے حوالے سے کہا ہے کہ زبیدی اور اس کے ساتھی قیدی محمد ارادے کچھ وقت کے لیے باہر چھپتے رہے۔
سیکیورٹی حکام کے مطابق دونوں قیدیوں کو فرار ہونے کے لیے کوئی مدد نہیں ملی اور انہیں نہیں معلوم تھا کہ جیل سے فرار ہونے کے بعد آگے کہاں جانا ہے یا کیا کرنا ہے۔
خیال رہے کہ زبیدی 2000 کے اوائل میں شروع ہونے والی فلسطینیوں کی بغاوت کے موقع پر اہم فلسطینی رہنما تھا۔
زبیدی اسرائیل پر کیے جانے والے حملوں میں بھی شامل رہے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ ذرائع ابلاغ کو دیے جانے والے انٹرویوز اور ایک اسرائیلی خاتون کے ساتھ دوستی رکھنے کی وجہ سے بھی مقبول تھے۔
زبیدی نے گزشتہ برسوں میں قید میں استثنیٰ ملنے کے بعد مختلف کالج کورسز بھی کیے اور وہ مغربی پٹی کی تھیٹر تحریک میں بھی متحرک تھے البتہ انہیں 2019 میں حملوں میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔
پولیس کی طرف سے جاری کی جانے والی تصویروں میں زبیدی کو زنجیروں میں جکڑا دیکھا جا سکتا ہے۔ جب کہ زبیدی نے سفید رنگ کا بینڈ بھی سر پر باندھ رکھا تھا جو کہ دو پولیس اہل کاروں کی طرف سے اتار لیا گیا۔
چھ فلسطینی قیدی رواں ہفتے پیر کو جیل سے سرنگ کھود کر فرار ہوئے تھے جس کے بعد پورے اسرائیل اور مغربی کنارے میں تلاش کا عمل شروع ہوا تھا۔