رسائی کے لنکس

کابل: داعش نے دو خودکش دھماکوں کی ذمہ داری قبول کرلی


کابل میں ایک روز قبل ہونے والے دو خودکش بم حملے, جن میں کم از کم 26 شہری ہلاک ہوئے، جمعرات کو افغانستان میں سوگ منایا گیا۔

ہلاک ہونے والوں میں کھلاڑی، امدادی کام سے وابستہ کارکنان اور صحافی شامل تھے۔

داعش نے اپنے خودساختہ خبر رساں ادارے، ’عمق‘ کے ذریعے حملے کی ذمے داری قبول کی ہے۔

تشدد کا یہ واقع بدھ کی رات دارالحکومت کے مغربی دشت پرچی کے مضافات میں ہوا، جو ایک گنجان آباد علاقہ ہے جہاں افغان شیعہ برادری آباد ہے۔

وزارت صحت کے ترجمان وحید مجروح نے ’وائس آف امریکہ‘ کو بتایا کہ مختلف اسپتالوں میں تقریباً 100 افراد کا علاج جاری ہےجو ایک روز قبل زخمی ہوئے تھے۔

پولیس اور عینی شاہدین نے بتایا ہے کہ پہلا دھماکہ اس وقت ہوا جب ایک خودکش بم حملہ آور نے کھیلوں کے ایک مرکز کے اندر اپنے آپ کو بھک سے اڑا دیا، جہاں کشتی کا مقابلہ جاری تھا۔

دوسرے خودکش حملہ آور نے آتشیں مواد سے بھری گاڑی میں اُس وقت دھماکہ کیا جب پولیس، ذرائع ابلاغ اور ہنگامی امدادی کارکن پہلے دھماکے کے بعد جائے واردات پر پہنچ چکے تھے۔ کار دھماکے سے دو صحافی ہلاک ہوگئے جن کا تعلق ملک کے بڑے نجی ٹیلی ویژن چینل، ’طلوع نیوز‘ سے تھا، جب کہ متعدد افراد زخمی ہوئے۔

اسپتال کے اہلکاروں نے دو دیگر صحافیوں کو آنے والے زخموں کو ’’انتہائی شدید‘‘ قرار دیا ہے۔

XS
SM
MD
LG