رسائی کے لنکس

اسلام آباد ڈسٹرکٹ بار: مسلمان اراکین کو ختم نبوت کا حلف نامہ جمع کرانے کی ہدایت


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

اسلام آباد ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن نے اپنے تمام مسلم ممبران کے لیے اعلان کیا ہے کہ وہ ختمِ نبوت پر ایمان کا حلف نامہ جمع کرائیں، بصورت دیگر ان کی رکنیت معطل کر دی جائے گی۔

اسلام آباد بار ایسوسی ایشن ممبران کے لیے ختم نبوت کا حلف نامہ جمع کرانا لازمی قرار دے دیا گیا ہے اور اس سلسلے میں اسلام آباد ڈسٹرکٹ بار نے اعلان کیا ہے کہ مسلمان ممبران 31 جنوری تک حلف نامہ جمع کرائیں۔

بار کا کہنا ہے کہ ایسا نہ کرنے والے ممبران کی ممبر شپ معطل کر کے لسٹ نوٹس بورڈ پر آویزاں کی جائے گی۔ بار نے اسلام آباد بار کے جنرل سیکریٹری مرزا نبیل طاہر اور صدر ظفر کھوکھر کے دستخطوں سے نوٹی فکیشن جاری کر دیا ہے۔

بار کے صدر ظفر کھوکھر نے وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے آئین کے خلاف کوئی کام نہیں کیا۔ ہم کسی مذہب کے خلاف نہیں اور کوئی بھی غیر مسلم ہمارا ممبر ہو سکتا ہے۔ لیکن اسلام کے لبادے میں کسی شخص کو اسلام کا نام استعمال کرنے کی اجازت نہ آئین دیتا ہے اور نہ ہی ہم دیں گے۔

جاری کردہ نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ ممبر شپ کے خواہش مند غیر مسلم وکلا پر حلف نامے کا اطلاق نہیں ہو گا۔

انسانی حقوق کے ادارے 'ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان' سے وابستہ ڈاکٹر مہدی حسن کہتے ہیں کہ اسلام آباد بار کے اس فیصلے کی مذمت کرتے ہیں۔ اسلام آباد بار نے یہ اقدام اقلیتی احمدی کمیونٹی کے لیے اٹھایا ہے۔ اس اقدام سے انتہا پسند عناصر کے لیے احمدیوں کی شناخت آسان ہو جائے گی اور انہیں لاحق خطرات میں اضافہ ہو گا۔

پاکستان میں جماعت احمدیہ کے ترجمان سلیم الدین نے وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے حلف ناموں سے احمدی کمیونٹی کو خطرات میں مزید اضافہ ہو گا۔

اس معاملے پر پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے ٹوئٹر پر کہا کہ اسلام آباد بار کے ممبر کے طور پر انہیں اس قرار داد پر بہت دکھ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لگتا ہے کہ 31 جنوری کے بعد میری رکنیت نہیں رہے گی۔

دوسری جانب پاکستان بار کونسل نے اس معاملے پر کمیٹی بنانے کا اعلان کیا ہے جو اسلام آباد بار کے ممبران سے قرارداد واپس لینے پر بات کرے گی۔

اسلام آباد بار میں ماضی میں بھی مذہبی انتہا پسندی کے معاملات سامنے آتے رہے ہیں۔ سابق گورنر سلمان تاثیر کو قتل کرنے والے ممتاز قادری کی گرفتاری کے بعد پہلی پیشی پر اسلام آباد کی عدالت میں ان پر گل پاشی بھی کی گئی تھی۔

XS
SM
MD
LG