افغان طالبان کے ترجمان، قاری محمد یوسف احمدی نے میڈیا کو دئیے گئے ایک بیان میں دعوی کیا ہے کہ افغانستان میں داعش خراسان کے نائب امیر عبدلارزاق مہدی نے افغان طالبان میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔
طالبان کی جانب سے جاری کردہ اس ویڈیو میں کہا گیا ہے کہ عبدلارزاق مہدی افغانستان کے فرح صوبے کے رہائشی ہیں اور وہ داعش کی طرف سے افغانستان میں خراسان کے نائب سربراہ تھے۔
ویڈیو میں یہ دعوی بھی کیا گیا ہے کہ عبدلارزاق مہدی افغانستان اور عراق میں داعش کے حامیوں کے درمیان رابطے کا وسیلہ تھے۔
ویڈیو میں افغان طالبان کے ترجمان کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ داعش ایک منحرف تنظیم ہے اور مسلمانوں کے لئے نقصان دہ ہے۔ اسلئے عبدلارزاق مہدی نے داعش کو چھوڑ کر افغان طالبان میں شمولیت اختیار کی ہے۔
ویڈیو میں عبدلارزاق مہدی کو بھی طالبان کے ال امیر سٹوڈیو میں گفتگو کرتے ہوے دکھایا گیا ہے۔ جسمیں وہ داعش کے باقی ساتھیوں سے مخاطب ہیں اور ان سے کہتے ہیں کہ وہ داعش کو چھوڑ کر افغان طالبان کی تحریک میں شامل ہو جائیں۔