رسائی کے لنکس

مسلسل غیر حاضری پر اسحاق ڈار اشتہاری قرار


فائل فوٹو
فائل فوٹو

عدالت نے ضامن کو ہدایت کی کہ اگر آئندہ سماعت پر اسحاق ڈار پیش نہ ہوئے تو 50 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے ضبط ہوجائیں گے۔ کیس کی آئندہ سماعت جمعرات کو ہوگی۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے مسلسل عدم حاضری پر سابق وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار کو اشتہاری قرار دے دیا ہے۔

عدالت نے اسحاق ڈار کو تین روز میں 50 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر مقررہ وقت میں ضمانتی مچلکے جمع نہیں کرائے گئے تو ضامن کی جائیداد کو بھی ضبط کرلیا جائے گا۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے پیر کو اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی سماعت کی۔

سماعت کے آغاز پر اسحاق ڈار کے وکیل نے اپنے مؤکل کی نئی میڈیکل رپورٹ جمع کرادی۔

وکیل قوسین مفتی نے کہا کہ اسحاق ڈار کی ایم آر آئی کا انتظار تھا، ان کے سینے میں تکلیف ہے اور ابھی مزید ٹیسٹ ہونے ہیں۔ تاہم دل کے آپریشن کی ضرورت نہیں۔

وکیل نے عدالت کو بتایا کہ انہوں نے پچھلی رپورٹس کی ابھی تک تصدیق نہیں کرائی ہے۔

قوسین مفتی نے اپنے دلائل میں کہا کہ نیب نے وارنٹ کی تعمیل لاہور کے پتے پر کرائی جہاں اسحاق ڈار رہتے ہی نہیں۔ لندن کی رہائش گاہ پر سمن کی تعمیل نہیں کرائی گئی۔ اگر عدالت جانتی ہے کہ ملزم کہاں پر ہے تو کیسے کہہ سکتے ہیں وہ روپوش ہو گئے؟ اُنہیں اشتہاری قرار نہیں دیا جا سکتا۔

نیب پراسیکیوٹر عمران شفیق نے اعتراض کیا کہ پہلی میڈیکل رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ اسحاق ڈار کو تین ہفتے آرام کی ضرورت ہے لیکن اب انہیں آرام کرتے ہوئے چھ ہفتے ہو گئے ہیں۔

عمران شفیق نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کو تمام عدالتی کارروائی کا علم ہےاس لیے ہمیں وارنٹ لندن بھجوانے کی ضرورت نہیں ہے۔ نئی میڈیکل رپورٹ دوسری رپورٹ سے مختلف ہے جبکہ اسحاق ڈار کو دل کی کوئی تکلیف نہیں ہے۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد اسحاق ڈار کو اشتہاری قرار دے دیا۔

عدالت نے ضامن کو ہدایت کی کہ اگر آئندہ سماعت پر اسحاق ڈار پیش نہ ہوئے تو 50 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے ضبط ہوجائیں گے۔ کیس کی آئندہ سماعت جمعرات کو ہوگی۔

پاناما پیپرز کیس میں سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں قومی احتساب بیورو کو اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے الزام میں ریفرنس دائر کرنے کا حکم دیا تھا جس کی سماعت اسلام آباد کی احتساب عدالت میں جاری ہے۔

اسحاق ڈار گزشتہ کئی ہفتوں سے بیرونِ ملک مقیم ہیں اور عدالت کی جانب سے بار بار طلب کرنے کے باوجود پیش نہیں ہوئے۔ اسحاق ڈار کے وکیل کا کہنا ہے کہ ان کے موکل کی طبیعت خراب ہے اور وہ زیرِ علاج ہیں جس کے باعث وہ سفر نہیں کرسکتے۔

XS
SM
MD
LG