رسائی کے لنکس

پاکستانی فلموں میں کام کرنا چاہتا ہوں: عرفان خان


’'مجھے فلم ’بول‘ میں ایک کردار آفر بھی ہوا تھا۔ لیکن، بطور اداکار مجھے وہ کردار اپنے لئے مناسب نہیں لگا اس لئے کام نہ کرسکا‘'

ہر کردار میں نگینے کی طرح فٹ ہوجانے والے بالی وڈ کے ورسٹائل اداکار عرفان خان پاکستانی فلموں میں کام کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں؛ اور اس بات کا انکشاف کسی میڈیا رپورٹ میں نہیں بلکہ خود عرفان خان نے کیا۔

فلم ’پیکو‘، ’لنچ باکس‘ اور ’لائف آف پائی‘ سمیت متعدد بالی وڈ اور ہالی وڈ فلموں میں فن کے جوہر دکھانے والے عرفان خان کو دبئی انٹرنیشنل فلم فیسٹول 2017 میں’ ڈی آئی ایف ایف‘ کے آنریری ایوارڈ سے نوازا گیا۔

اس موقع پر ’ایکسپریس ٹریبون‘ سے عرفان خان نے اپنے مخصوص کھلے ڈلے انداز میں بات کرتے ہوئے کہا: ’'میں پاکستانی فلم میں کام کرنا چاہتا ہوں۔ مجھے فلم ’بول‘ میں ایک کردار آفر بھی ہوا تھا۔ لیکن، بطور اداکار مجھے وہ کردار اپنے لئے مناسب نہیں لگا اس لئے کام نہ کر سکا۔‘'

اُن سے پوچھا گیا کہ '’ہندی میڈیم میں پاکستانی اداکارہ صبا قمرکے ساتھ کام کا تجربہ کیسا رہا؟‘'

اس بارے میں، عرفان خان کا کہنا تھا کہ’'صبا قمر باصلاحیت ہیں اور کردار میں توانائی بھر دیتی ہیں۔ وہ سادہ لڑکی ہیں اور یہی ان کی خوبصورتی ہے جوان کی اداکاری میں بھی جھلکتی ہے۔'‘

پاک بھارت کشیدگی میں کمی کے بارے میں عرفان نے لگی لپٹی رکھے بغیرکہا '’کشیدگی میں کمی کا امکان نظر نہیں آتا جس کی سیاسی سمیت بہت سی وجوہات ہیں۔‘'

جے پور کے نواب خاندان سے تعلق رکھنے والے عرفان خان نے بھارتی فلم انڈسٹری میں نام کمانے کے بعد ہالی وڈ کا رخ کیا تو انہیں میرا نائر کی فلم ’نیم سیک‘ سے شہرت ملی جسے ’انڈیپنڈنٹ اسپرٹ ایوارڈ‘ کے لئے نامزد بھی کیا گیا تھا۔

عرفان ڈین براؤن کے ناول پربنی فلم ’انفرنو‘میں مشہور ہالی وڈ اداکار ٹام ہینکس کے ساتھ کام کرچکے ہیں جس نے دنیا بھرمیں 200 ملین ڈالرزسے زیادہ کا بزنس کیا تھا۔

بالی وڈ کے چند بہترین اداکاروں میں شمار کئے جانے والے عرفان خان کو عروج کے سفر میں بہت سی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اس بارے میں عرفان کا کہنا ہے '’میں ماضی کو نہیں دیکھتا۔ میرا مزاج ہی ایسا نہیں۔ جو گزر گیا، وہ گزر گیا‘'۔

اس سوال پر کہ ناقدین اور شائقین کی جانب سے’عمدہ‘ اور ’بہترین‘ اداکار کے القابات پر کیسا لگتا ہے، عرفان نے فوراً جواب دیا '’اچھا لگتا ہے۔ لیکن، سچ یہ ہے کہ القابات کسی بھی وقت بدل سکتے ہیں۔ انہیں زیادہ سنجیدگی سے نہیں لینا چاہئے۔ اچھا ضرور لگتا ہے۔ لیکن، میں انہیں سنجیدگی سے نہیں لیتا۔‘'

XS
SM
MD
LG