رسائی کے لنکس

عرفان خان کولون انفیکشن میں مبتلا، ممبئی کے اسپتال میں داخل


بولی ووڈ کے مقبول اداکار عرفان خان کو کولون انفیکشن کی وجہ سے ممبئی کے اسپتال میں داخل کر لیا گیا ہے۔ ان کا علاج انتہائی نگہداشت کے شعبے میں کیا جا رہا ہے۔

عرفان خان کے ایک ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ وہ دھیرو بھائی امبانی اسپتال کے آئی سی یو میں ڈاکٹروں کی زیر نگرانی ہیں۔ ترجمان نے اس امید کا ظہار کیا ہے کہ عرفان خان مضبوط قوت ارادی اور پرستاروں کی دعاؤں کی بدولت جلد صحت یاب ہوجائیں گے۔

53 سالہ عرفان خان کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ ان کی طبیعت اچانک خراب ہوئی اور حالت بگڑنے پر اسپتال منتقل کرنا پڑا۔ ان کی اہلیہ سوتھاپا اوتر دونوں بچے اسپتال میں ان کے ساتھ ہیں۔

عرفان خان کی والدہ سعیدہ بیگم کا حال میں انتقال ہوا ہے لیکن وہ کرونا وائرس کے باعث سفری پابندیوں کی وجہ سے جے پور جنازے میں نہیں جا سکے تھے۔ عرفان خان نے ویڈیو لنک کے ذریعے اس میں شرکت کی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق، سعیدہ بیگم کی عمر 95 سال تھی۔ ان کا انتقال ہفتے کی صبح ہوا اور انھیں جے پور کے چنگی ناکا قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔

اس سے پہلے عرفان خان 2018 میں کینسر میں مبتلا ہوگئے تھے۔ انھوں نے لندن میں 2 سال علاج کرایا اور صحت یاب ہونے کے بعد وطن واپس آئے تھے۔

مارچ میں عرفان خان کی فلم انگریزی میڈیم ریلیز ہوئی جو کرونا وائرس کی پابندیوں سے پہلے سینما گھروں میں پیش کی گئی آخری فلم تھی۔ اس فلم کی ریلیز سے پہلے انھوں نے ایک ویڈیو پیغام میں اپنی کیفیت بیان کی تھی۔

انھوں نے کہا تھا کہ فلم انگریزی میڈیم میرے لیے بہت خاص اہمیت رکھتی ہے۔ میں اس کی پروموشن اتنے ہی شوق سے کرنا چاہتا تھا جیسے اس فلم میں کام کرتے ہوئے تھا۔ لیکن میرے جسم میں کچھ ان چاہے مہمان گھس گئے ہیں۔ انھوں نے مجھے مصروف رکھا ہوا ہے۔

عرفان خان نے کہا کہ میں آپ کو اپنی بیماری کے بارے میں آگاہ کرتا رہوں گا۔ ہمارے پاس مثبت رہنے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہوتا۔ ہم نے یہ فلم اسی مثبت رویے کے ساتھ بنائی ہے۔ امید ہے کہ یہ آپ کو پسند آئے گی۔

XS
SM
MD
LG