رسائی کے لنکس

دپیکا کے ستارے گردش میں، ایرانی فلم بھی ہاتھ سے گئی


بھارت کے شہرگوا میں جاری 48 ویں انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں شریک مشہور ایرانی فلم ماجد مجیدی نے دپیکا پڈکون کو اپنی فلم ’بیونڈ دی کلاؤڈز‘ میں نہ لینے کی وجہ بھی بتادی۔

ایرانی فلموں کی دنیا بھرمیں بڑھتی مقبولیت شوبز کے میگا اسٹارز کو بھی متاثر کر رہی ہے اور وہ ایرانی فلمو ں کا حصہ بننا چاہتے ہیں۔

پاکستان کی مشہور اداکارہ ماہرہ خان نے کچھ روز پہلے ایرانی فلم میں کام کرنے کی خواہش ظاہرکی تھی۔

اب بالی وڈ کی نمبر ون ایکٹریس دپیکا پڈکون بھی ایرانی فلم میں کام کرنا چاہتی ہیں بلکہ انہوں نے تو ماہرہ خان سے دو قدم آگے بڑھتے ہوئے فلم کے لئے آڈیشن بھی دے ڈالا لیکن افسوس ۔۔ ایرانی فلم میکر نے دپیکا کی جگہ کسی اور کا انتخاب کرکے سب کو حیران کردیا۔

بھارت کے شہرگوا میں جاری 48 ویں انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں شریک مشہور ایرانی فلم ماجد مجیدی نے دپیکا پڈکون کو اپنی فلم ’بیونڈ دی کلاؤڈز‘ میں نہ لینے کی وجہ بھی بتادی۔

ماجد مجیدی کا کہنا ہے’ میں کردار کے حساب سے عام لوگوں میں سے کسی کو بھی منتخب کر لیتا ہوں اور یہی مجھے پسند ہے۔ پھر چاہے وہ کوئی خاتون ہو، بچہ ہو یا پھر کوئی نوجوان ۔۔ ایسے لوگ جنہوں نے کبھی کیمرے کا سامنا نہ کیا ہو’ بے ساختہ‘ اداکار ہوتے ہیں۔

مجیدی کا یہ بھی کہنا تھا کہ’ ممبئی میں جب دپیکا کا آڈیشن کیا تو ہزاروں لوگ جمع ہو گئے تھے اور مجمع کو سنبھالنا مشکل ہو گیا اسی لئے پروفیشنل ہونے کے باوجود میں سپر اسٹارز کے ساتھ کام کرنا نہیں چاہتا۔‘

دپیکا پڈکون کی ’بیونڈ دا کلاؤڈز‘کے لک ٹیسٹ کی تصاویر سوشل میڈیا پربھی وائرل ہوئیں۔

اخبار ’ایشین ایج‘ کے مطابق مجیدی کے بقول پروڈیوسرز نے بتایا تھا کہ دپیکا نے فلم میں کام کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے اور اس لئے میں نے ان کا ’لک ٹیسٹ‘لیا۔دپیکا بہت عمدہ اداکارہ ہیں۔

’بیونڈدی کلاؤڈز‘ میں بالی وڈ کے اداکار شاہد کپور اورنسبتاً غیرمعروف اداکارہ ملاویکا موہنن نے مرکزی کردار ادا کئے ہیں۔

فلم کی موسیقی اے آررحمٰن نے دی ہے۔ ہندی ڈائیلاگ وشال بھردواج نے لکھے ہیں۔ فلم ممبئی میں رہنے والے نوجوان بھائی بہن کی زندگی پرمبنی ہے۔

’بیونڈ دی کلاؤڈز‘ انٹرنیشنل فلم فیسٹیول گوا میں پیش گئی ۔فلم آئندہ سال فروری میں نمائش کے لئے پیش کی جائے گی۔

بھارتی شہر گوا میں انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا 2017 ء کا بدھ کو دوسرا روز تھا۔ فیسٹیول 28 نومبر تک جاری رہے گا۔

فیسٹیول میں 82 ممالک کی 195 فلمیں دکھائی جائیں گی جس میں 10 عالمی، 10 ایشیائی اور 64 بھارتی فلموں کے پریمیئرز شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG