ٹرمپ انتظامیہ نے ایران کے تین گروپس اور چھ افراد پر نئی پابندیاں لگا دی ہیں، جن کے متعلق انتظامیہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے تہران کی طرف سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا ارتکاب کیا ہے۔
امریکی وزارت خزانہ نے بدھ کے روز جن تین گروپس پر پابندیاں لگائی ہیں ان میں ایران کے حکومت نواز بااختیار گروپ انصار حزب اللہ ، تہران کی اوین جیل اور حکومت کی سرپرستی میں قائم موبائل فون کے ایپ بنانے والی کمپنی ہانیستا پروگرامنگ گروپ شامل ہیں۔
غیر ملکی اثاثوں کے کنٹرول سے متعلق دفتر کے عہدے داروں نے انصار حزب اللہ کے تین لیڈروں، دو سرکاری عہدے داروں اور ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے آئی آر آئی بی کے ڈائریکٹر پر بھی پابندیاں لگائی ہیں۔
سرکاری عہدے داروں کے بارے میں کہا گیا ہے کہ وہ حکومت کی جانب سے سینسر لگانے کی سرگرمیوں میں ملوث تھے۔
امریکہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں وزیر خزانہ سٹیون منوچن کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ ایران کی حکومت اپنے قومی وسائل کا، جو عوام کی ملکیت ہیں، رخ موڑ رہی ہے اور انہیں اظہار کی آزادی دبانے کے لیے استعمال کر رہی ہے اور فنڈز کو سینسر شپ نافذ کرنے کے لیے مہنگے اور بڑے پیمانے کے اثرات مرتب کرنے والے ذرائع پر صرف کر رہی ہے۔
پابندیوں کے نتیجے میں نامزد گروپس اور افراد کے امریکہ میں موجود اثاثے منجمد ہو جائیں گے اور امریکیوں کو عمومی طور پر ان کے ساتھ لین دین کرنے سے روک دیا جائے گا۔ ایسے غیر ملکی مالیاتی ادارے جو علم رکھتے ہوئے ان کی مادی مدد کریں گے، انہیں ثانوی امریکی پابندیوں کا خطرہ لاحق ہو سکتا ہے جس کے نتیجے میں امریکی مالیاتی نظام سے ان کے رابطے منقطع ہو سکتے ہیں۔