رسائی کے لنکس

مغربی ممالک شام کی تحریک کا ناجائز فائدہ اٹھا رہے ہیں:ایران


مغربی ممالک شام کی تحریک کا ناجائز فائدہ اٹھا رہے ہیں:ایران
مغربی ممالک شام کی تحریک کا ناجائز فائدہ اٹھا رہے ہیں:ایران

ایران کی وزارتِ خارجہ نے الزام عائد کیا ہے کہ اسرائیل کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے مغربی ممالک شام میں جاری احتجاجی تحریک کا ناجائز فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

وزارتِ خارجہ کے ترجمان رامین مہمان پرست نے جمعرات کےروز کہا کہ امریکہ اور اس کے اتحادی شامی باشندوں کی اپنی حکومت کے خلاف شکایات کو اس طرح سے برت رہے ہیں کہ اس سے اسرائیل کے لیے کسی ممکنہ" مخالفت کی بنیادیں ختم" کی جاسکیں۔

ترجمان نے شامی حکومت کی جانب سے مظاہرین کے خلاف جاری کریک ڈاؤن میں ایرانی تعاون کی بھی تردید کی۔

رامین مہمان پرست
رامین مہمان پرست

ایران کا مذکورہ ردِ عمل امریکہ کے اس اقدام کے بعد سامنے آیا ہے جس میں عالمی ادارے نے شام میں حکومت مخالف مظاہرین کے خلاف جاری پرتشدد کارروائیوں سے تعلق کے شبہ میں شامی پولیس کے ایک دستے اور ایران کے کئی اعلیٰ سکیورٹی اہلکاروں پر پابندیاں عائد کردی تھیں۔

بدھ کے روز امریکی محکمہ خزانہ نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں شام کے چار اہم سکیورٹی اداروں میں سے ایک 'سیرین پولیٹیکل سکیورٹی ڈائریکٹوریٹ' اور شام کی ایئر فورس انٹیلی جنس کے سربراہ میجر جنرل جمیل حسن کے خلاف پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔

امریکی انتظامیہ نے ایران کی داخلی سکیورٹی کے اداروں کے سربراہ اسمٰعیل احمدی مغدم اور ان کے نائب احمد رضا رادان کو بھی شام میں حکومت مخالف مظاہرین کے خلاف جاری کارروائیوں میں مدد فراہم کرنے کا مرتکب ٹھہرایا ہے۔ رضا رادان نے مبینہ طور پر اپریل کے مہینے میں شام کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے شامی سکیورٹی حکام سے ملاقاتیں کی تھیں۔

پابندیوں کی زد میں آنے والے افراد کے امریکہ میں موجود اثاثہ جات منجمد کردیے گئے ہیں جبکہ امریکی شہریوں اور کمپنیوں پر ان افراد کے ساتھ ہر قسم کے لین دین پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان مارک ٹونر کے بقول نئی پابندیاں وسیع دائرہ کار کی حامل ہیں کیونکہ ان کے ذریعے پابندی کی زد میں آنے والی شخصیات اور اداروں کے ساتھ عالمی کمپنیوں کے تعاون کے امکانات کو بھی محدود کردیا گیا ہے۔

شام میں گزشتہ تین ماہ سے جاری جمہوریت پسند احتجاجی تحریک کے شرکاء صدر بشار الاسد کی حکومت سے ملک میں اصلاحات کے نفاذ کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

انسانی حقوق کے کارکنوں کا دعویٰ ہے کہ مارچ سے جاری احتجاجی تحریک کے دوران اب تک 1400 سے زائد شہری ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ حکومت کا کہنا ہے کہ دہشت گرد گروپوں کی کارروائیوں میں سینکڑوں پولیس اہلکار بھی ہلاک ہوئے ہیں۔

XS
SM
MD
LG