صدر کے ساتھ ہیلی کاپٹر میں کون کون سوار تھا؟
ایران کے سرکاری میڈیا نے ہیلی کاپٹر حادثے میں صدر ابراہیم رئیسی اور دیگر اعلیٰ حکام کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔
رپورٹس کے مطابق ہیلی کاپٹر میں سوار تمام افراد حادثے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔
ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ صدر کے ساتھ ہیلی کاپٹر میں ایرانی وزیرِ خارجہ حسین امیر عبد الہیان، ایرانی صوبے مشرقی آذربائیجان کے گورنر مالک رحمتی، مشرقی آذربائیجان میں ایرانی سپریم لیڈر کے نمائندے سید محمد علی آل ہاشم سمیت دیگر اعلیٰ حکام سوار تھے۔
صدر ابراہیم رئیسی اور وزیرِ خارجہ سمیت اعلیٰ حکام ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاک ہو گئے ہیں: ایرانی میڈیا
ایران کے سرکاری میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ صدر ابراہیم رئیسی، وزیرِ خارجہ حسین امیر عبدالہیان سمیت اعلیٰ حکام ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ خراب موسم کے سبب صوبہ مشرقی آذربائیجان میں ورزقان کے علاقے کے قریب ہیلی کاپٹر کو حادثہ پیش آیا۔
تباہ شدہ ہلی کاپٹر کی تلاش اتوار کی شام سے جاری تھی۔ پیر کی صبح امدادی رضا کاروں نے تباہ شدہ ہیلی کاپٹر کے ملنے کا اعلان کیا تھا۔
بعد ازاں یہ رپورٹس بھی سامنے آئی تھیں کہ صوبہ مشرقی آذربائیجان کے دشوار گزار پہاڑی علاقے میں شدید دھند کے سبب امدادی کاموں میں مشکلات پیش آ رہی ہیں جب کہ امدادی رضاکاروں نے مطلع کیا تھا کہ حادثے کے مقام پر زندگی کے آثار موجود نہیں ہیں۔
رپورٹس کے مطابق صدر سمیت دیگر اعلیٰ حکام کو لے جانے والا ہیلی کاپٹر حادثہ میں مکمل طور پر جل چکا تھا۔
’حادثے کے مقام پر کسی بھی قسم کے زندگی کے آثار موجود نہیں‘
ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر کی تلاش میں مصروف امدادی رضاکاروں نے مطلع کیا ہے کہ حادثے کے مقام پر کسی بھی قسم کے زندگی کے آثار موجود نہیں ہیں۔
مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ تباہ ہونے والے ہیلی کاپٹر میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے ساتھ ساتھ وزیرِ خارجہ حسین امیر عبدالہیان بھی سوار تھے۔
رپورٹس کے مطابق ہیلی کاپٹر کو حادثہ صوبہ مشرقی آذر بائیجان میں وزرقان کے پہاڑی علاقے کے قریب خراب موسم کے سبب پیش آیا۔
ایرانی صدر کا حادثے کا شکارہونے والا ہیلی کاپٹر نظرآگیا
خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ کی رپورٹ کے مطابق امدادی کارکنوں نے پیر کی صبح اس ہیلی کاپٹر کو دور سے دیکھا ہے جس میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی، وزیرِ خارجہ اور دیگر اعلیٰ حکام سوار تھے۔
ایرانی صدر کا ہیلی کاپٹر ایک دن قبل صوبہ آذربائیجان میں شمال مغربی پہاڑی علاقوں میں گر کر تباہ ہوا تھا۔
ایران کی ہلال احمر سوسائٹی کے سربراہ پیر حسین کولیوند نے سرکاری میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ پیر کے روز سورج نکلتے ہی امدادی کارکنوں نے ہیلی کاپٹر کو تقریباً دو کلومیٹر کے فاصلے سے دیکھا ہے۔
انہوں نے اس حوالے سے مزید تفصیلات سے آگاہ نہیں کیا۔