رسائی کے لنکس

صدر ابراہیم رئیسی کی ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاکت، ایران میں پانچ روزہ سوگ کا اعلان

ایران کے رہبر اعلیٰ علی خامنہ ای نے ہیلی کاپٹر کے حادثے میں صدر ابراہیم رئیسی کی ہلاکت کے بعد ایران کے اول نائب صدر محمد مخبر کو عبوری صدر مقرر کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

21:49 19.5.2024

ہم پراُمید ہیں پر جائے حادثہ سے آنے والی خبریں باعث تشویش ہیں: ایرانی اہلکار

ایران کے صدر ابراہیم رئیسی اور وزیرِ خارجہ حسین امیر عبداللہیان سمیت دیگر اعلٰی حکام کو آذربائیجان کے سرحدی علاقے سے لانے والا ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہو گیا ہے۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق ایک سرکاری اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ایران کے صدر اور دیگر اعلٰی حکام کی زندگیاں خطرے میں ہیں۔ اُن کے بقول ہم پراُمید ہیں پر جائے حادثہ سے آنے والی خبریں باعث تشویش ہیں۔

22:05 19.5.2024

ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر کی تلاش جاری

ایران کے وزیرِ داخلہ کے مطابق ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر نے خراب موسم کے باعث 'ہارڈ لینڈنگ کی، تاہم خراب موسم کے باعث ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا ہے۔

ایران کی اسپیشل فورسز کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق حادثہ ایران، آذربائیجان سرحد کے قریب ایرانی علاقے جلفا کے قریب پیش آیا۔ ایرانی صدر کے ہمراہ وزیرِ خارجہ، ایران کے مشرقی آذربائیجان صوبے کے گورنر، اعلٰی حکام اور باڈی گارڈز سوار تھے۔

رپورٹس کے مطابق ایران کے صدر آذربائیجان اور ایران کے مشترکہ ڈیم منصوبوں کے افتتاح کے لیے اتوار کی صبح آذربائیجان اور ایران کے سرحدی علاقے میں پہنچے تھے۔

تقریب کے بعد تین ہیلی کاپٹرز واپس ایران کے لیے روانہ ہوئے تھے جن میں سے دو ایرانی شہر تبریز میں لینڈ کر گئے تھے، تاہم ایرانی صدر کو لانے والے ہیلی کاپٹر نے خراب موسم کے باعث 'ہارڈ لینڈنگ' کی۔

22:15 19.5.2024

ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر کی ٹیک آف کے وقت لی گئی تصویر

ایران کے صدر کو پیش آنے والے حادثے کے بعد اُن کی سلامتی کے لیے ملک کے مختلف شہروں میں دعائیں مانگنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

ایرانی میڈیا کی جانب سے صدر کے ہیلی کاپٹر کی ایک تصویر بھی جاری کی گئی ہے جس میں سفید اور نیلے رنگ کا ہیلی کاپٹر تقریب کے مقام سے روانہ ہو رہا ہے۔

22:31 19.5.2024

ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کون ہیں؟

قدامت پسند نظریات کے حامل تریسٹھ سالہ ابراہیم رئیسی 2021 میں ایران کے صدر بننے سے قبل چیف جسٹس کے عہدے پر فائز رہے۔ اس سے قبل وہ تین دہائیوں تک ملک کے قانونی نظام سے منسلک رہے ہیں۔ اس کے علاوہ بھی وہ کئی اہم ذمے داریاں ادا کر چکے ہیں۔

ابراہیم رئیسی کو ایران کے سپریم لیڈر کا قریبی معتمد تصور کیا جاتا ہے جس کی بنا پر اُنہیں خامنہ ای کے جانشین کے طور پر بھی دیکھا جاتا ہے۔

ابراہیم رئیسی نے 2017 کے صدارتی انتخابات میں بھی حصہ لیا تھا تاہم حسن روحانی نے اُنہیں شکست دے دی تھی۔ وہ 38 فی صد ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے تھے۔

سال 2019 میں اس وقت امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ابراہیم رئیسی پر اس وجہ سے پابندی عائد کر دی تھی کہ ان کی انتظامی نگرانی میں ایسے افراد کو بھی پھانسی دے دی گئی تھی جو جرم کے ارتکاب کے وقت کم عمر تھے۔ اسی طرح اس وقت ایران میں قیدیوں کے ساتھ ایذا رسانی اور دیگر سخت سزاؤں کا بھی چلن عام تھا۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG