رسائی کے لنکس

نارتھ کیرولائنا کا ایک مقبول ایرانی ریستوران


نارتھ کیرولائنا کا ایک مقبول ایرانی ریستوران
نارتھ کیرولائنا کا ایک مقبول ایرانی ریستوران

روایتی طور پر ایرانی پکوان میں گوشت چاول کے ساتھ پیش کیا جاتا ہے اور سبزیوں کے کوئی خصوصی پکوان نہیں ہوتے۔ مگر یہ ریستوران اسی لا ظ سے منفرد ہے کہ یہاں سبزیاں پیش کی جاتی ہیں۔

گوشت کے بغیر عام طورپر ایرانی کھانے ادھورے رہتے ہیں لیکن امریکی ریاست نارتھ کیرولائنا کے شہر چیپل ہل میں ایک ایسا ایرانی ریستورانٹ موجود ہے جہاں کی تمام ڈشز سبزیوں سے تیار کی جاتی ہیں ۔ حتیٰ کہ وہاں گوشت کی ڈشوں میں بھی سویابین سے تیار کردہ مصنوعی گوشت استعمال کیا جاتا ہے۔

ریستوران کی مالکہ ہما جہانیہ کہتی ہیں کہ اس رستوران میں مچھلی یا گوشت کا کوئی پکوان نہیں، بلکہ صرف سبزیوں کے پکوان پیش کیے جاتے ہیں۔ سبھی نے کہا کہ امریکہ کے جنوبی خطوں میں یہ پکوان پسند نہیں کیے جائیں گے۔ اور اس رستوران میں کوئی بھی کھانا کھانے نہیں آئے گا۔ لیکن مجھے کوئی فکر نہیں تھی۔ میں نے سوچا کہ اگر کامیاب رہا تو ٹھیک ہے، ورنہ نہیں تو نہ سہی۔

امریکی ریاست نارتھ کیرولائناکے شہر چیپل ہل میں سیگ ویجیٹرین کے نام سےاس ریستوران میں روایتی اور نئے انداز کے ایرانی کھانے پیش کیے جاتے ہیں۔ یہاں تین بڑی یونیورسٹیاں قائم ہیں اور یہاں رہنے والو ں کو تعلیم یافتہ اور ترقی پسند تصور کیا جاتا ہے۔ ہمااور ان کے بیٹے رامین کو یہ جگہ اپنے ریستوران کے لیے بہت مناسب معلوم ہوئی۔

ہما کہتی ہیں کہ لو گ ہمیں بتاتے ہیں کہ یہ ریستوران انہیں یہ بالکل اپنے گھر جیسا لگتا ہے۔

یہ ریستوان ،باورچی خانے سے لے کر کھانے کی میزوں تک گھر جیسا ماحول پیش کرتاہے۔

روایتی طور پر ایرانی پکوان میں گوشت چاول کے ساتھ پیش کیا جاتا ہے۔ اور سبزیوں کے کوئی خصوصی پکوان نہیں ہوتے۔ مگر یہ ریستوران اسی لحاظ سے منفرد ہے کہ یہاں سبزیاں پیش کی جاتی ہیں۔

ہما جہانیہ کہتی ہیں کہ میں کئی برسوں سےسبزیاں استعمال کررہی ہوں۔ کھانے کی ترکیبیں بدلنا میرے لیے کوئی مشکل نہیں تھا۔ گوشت کی جگہ ہم کچھ کھانوں میں آلو اور پھلیاں استعمال کرتے ہیں۔ ہم شوربے میں بینگن ڈالتے ہیں جو لوگ بہت پسند کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ سویا بین سے بنائے گئے مصنوعی گوشت کو بھی ہم اپنے کھانوں میں گوشت کی جگہ استعمال کرتے ہیں۔

انہوں نے اپنے ریستوان کی سجاوٹ پر خاص توجہ دی ہے۔

ہما کہتی ہیں کہ یہ سب میرے بچوں کی محنت ہے۔ اس میں میرا کوئی ہاتھ نہیں۔

ریستوران میں استعمال ہونے والی تقریباً تمام سبزیاں مقامی کھیتوں اور مارکیٹوں سے خریدی جاتی ہیں۔ہما کہتی ہیں کہ ہم مقامی اور قدرتی طریقوں سے کاشت کی جانے والی سبزیاں خریدنے کی کوشش کرتے ہیں۔ کبھی کبھی کوئی سبزی مقامی طور پر دستیاب نہیں ہوتی۔ لیکن جہاں تک ممکن ہے ہم مقامی سبزیاں ہی استعمال کرتے ہیں۔

ریستوران میں آنے والوں کے بارے میں ہما کہتی ہیں کہ ہمارے گاہکوں کا 98 فی صد حصہ امریکی ہے۔ ان میں سے بیشتر بہت شوق سے گوشت کے پکوان کھاتے ہیں۔ لیکن انہیں ہمارا کھانا بھی بہت پسند ہے۔

امریکہ کے ایک ایسے خطے میں جہاں عموما گوشت کے پکوان پسند کیے جاتے ہیں۔ ایک ایرانی ریستوران بہت غیر معمولی ہے۔ خاص طور پر ایک ایسا ریستوران جہاں صرف سبزیاں ہیں پیش کی جائیں۔

ہما کہتی ہیں کہ ان کے ریستوران کے بہت سے گاہک اپنے علاقے میں بھی ایسا ہی ریستوران دیکھنا چاہتے ہیں۔ امریکہ میں مقبولیت حاصل کرنے والے پکوانوں میں ایک نیا ذائقہ غیر روایتی ایرانی پکوان کا بھی ہے۔ جسےنارتھ کیرولائنا کے چیپل ہل کے لوگ بہت پسند کر رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG