رسائی کے لنکس

ایران : آگ کے سالانہ تہوار میں 4 افراد ہلاک، ہزاروں زخمی


آگ کے تہوار کے موقع پر خواتین قدیم روایت کے مطابق جلتی آگ پر سے چھلانگ لگا رہی ہیں۔ فائل فوٹو
آگ کے تہوار کے موقع پر خواتین قدیم روایت کے مطابق جلتی آگ پر سے چھلانگ لگا رہی ہیں۔ فائل فوٹو

ایران کے نئے سال کی آمد سے قبل آگ کے سالانہ تہوار کی تقریبات کے دوران 4 افراد ہلاک اور ہزاروں زخمی ہو گئے۔

ایران کے سرکاری ٹیلی وژن نے بتایا ہے کہ دو افراد منگل کی رات جب کہ مزید دو اگلے روز ہلاک ہو ئے۔

تقریبات سے متعلق امور کے ڈپٹی ڈائریکٹر حسن نوری نے بتایا کہ اس سال آگ کے تہوار کے دوران ملک بھر میں ہونے والی تقریبات میں تقریباً 3450 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔

آگ کا تہوار قبل از تاریخ زرتشت روایات سے تعلق رکھتا ہے اور یہ ایرانی کلینڈر کے آخری بدھ وار کو منایا جاتا ہے۔

ایرانی قدیم کلینڈر کے مطابق ان کا سال 20 مارچ کو ختم ہوگا۔

زرتشت تہوار کی یہ روایت ایران میں آج بھی مقبول ہے اور اس موقع پر لوگ آگ کے اوپر سے چھلانگ لگاتے اور گیت گاتے ہوئے موسم بہار کا استقبال کرتے ہیں۔

اس سال ایرانی نوجوانوں نے آگ کے تہوار پر آتش بازی کا مظاہرہ کیا ۔ اس دوران گیس سے بھری ہوئی کئی بوتلیں اس وقت پھٹ گئیں جب انہیں آگ لگائی جا رہی تھی۔

تاہم پولیس کی جانب سے کیے گئے حفاظتی اقدامات کے نتیجے میں اس سال تہوار پر ہلاک ہونے والوں کی تعداد2017 کے مقابلے میں کم رہی ۔ پچھلے سال آگ کے میلے میں 16 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

XS
SM
MD
LG