ایران کے عراقی سرحد سے متصل پہاڑی علاقے میں پیر کو شدید زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جن کی ریکڑ سکیل پر شدت 6.2 ریکارڈ کی گئی۔
ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن کے مطابق یہ زلزلہ دارالحکومت تہران سے 500 کلومیڑ جنوب مغرب میں مرمری قصبہ میں پیر کو مقامی وقت کے مطابق صبح سات بج کر دو منٹ پر آیا۔
زلزلہ سے 60 لوگ زخمی ہوئے، تاہم مقامی گورنر محمد رضا کے مطابق املاک کو پہنچنے والے نقصان کا اندازہ لگایا جا رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ابھی تک کی اطلاعات کے مطابق کئی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اتوار کو بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گیے تھے۔
امریکی جیالوجیکل سروے کے مطابق ایران میں پیر کو آنے والے زلزلے کی شدت ریکٹر سکیل پر 6.2 ریکارڈ کی گئی اور اس کے جھٹکے قریبی صوبوں میں بھی محسوس کیے گیے۔
ایران کے فالٹ لائن پر واقع ہونے کی وجہ سے ملک میں زلزلوں کا خطرہ رہتا ہے۔
2003ء میں ایران کے تاریخی شہر بوم میں آنے والے شدید زلزلے کی وجہ سے تقریباً 26000 افراد ہلاک ہو گئے تھے اور ریکٹر اسکیل پر اس کی شدت 6.6 تھی۔