رسائی کے لنکس

کوئی نہیں ہارا، سب کی جیت ہوئی ہے: صدر روحانی


صدر روحانی کا کہنا تھا کہ ایران کے جوہری تنازع کے پرامن تصفیے میں کسی کی ہار نہیں ہوئی بلکہ یہ معاہدہ سب کی جیت ہے۔

ایران کے صدر حسن روحانی نے عالمی طاقتوں کے ساتھ ایرانی جوہری پروگرام پر طے پانے والے معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے ایران کے دنیا کے ساتھ تعلقات کے نئے باب کا آغاز قرار دیا ہے۔

منگل کو ویانا میں مذاکرات میں مصروف ایرانی اور چھ عالمی طاقتوں کے نمائندوں کی جانب سے حتمی معاہدے کے اعلان کے بعد ٹی وی پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی صدر نے "27 ماہ سے جاری بات چیت کی کامیابی" پر مسرت ظاہر کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران کے جوہری تنازع کے پرامن تصفیے میں کسی کی ہار نہیں ہوئی بلکہ یہ معاہدہ سب کی جیت ہے۔

صدر روحانی نے کہا کہ جوہری پروگرام کے باعث عالمی برادری کی جانب سے عائد کی جانے والی پابندیاں کا ایران پر کوئی اثر نہیں ہوا البتہ انہوں نے عام شہریوں کی زندگیوں کو ضرور متاثر کیا ہے۔

ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ انہیں یقین ہے کہ معاہدے کے نتیجے میں ایران جوہری میدان میں حاصل کی جانے والی اپنی کامیابیوں کا تحفظ کرسکے گا۔

انہوں نے کہا کہ 'پی5+1' ممالک کے ساتھ معاہدہ اور تنازع کا تصفیہ ایران کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے جس کے نتیجے میں اسے دنیا کے ساتھ تعلقات کے "نئے باب" کا آغاز ہوگا۔

اپنے خطاب میں صدر روحانی نے کہا کہ معاہدے کے بعد اب ایران کے نوجوان ایک بار پھر ملک کے سنہری مستقبل کا خواب دیکھ سکتے ہیں اور اب قوم کو اپنی توجہ ملک کی تعمیر و ترقی کی جانب مبذول کرنا ہوگی۔

XS
SM
MD
LG