رسائی کے لنکس

انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے بھارت میں مقابلوں پر پابندی لگا دی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے بھارتی حکام کی جانب پاکستانی اولمپک کھلاڑیوں کو اپنے ملک میں شوٹنگ کے ایک مقابلے میں حصہ لینے کے لیے ویزے سے انکار کے بعد بھارت پر پابندی لگا دی ہے۔

بین الاقوامی اولمپک کمیٹی نے بھارت کی جانب سے مستقبل میں کھیلوں کے مقابلوں کی میزبانی سے متعلق تمام درخواستوں کو معطل کرتے ہوئے کھیلوں کی بین الاقوامی فیڈریشز پر زور دیا ہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں کو نئی دہلی میں ایک مقابلے میں شرکت کے لیے ویزہ دینے سے انکار کے بعد بھارت میں آئندہ کوئی ایونٹ نہ کروائے جائیں۔

اکنامک ٹائمز میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی دارالحکومت میں ورلڈ کپ کے ایک ایونٹ میں دو پاکستانی کھلاڑیوں کو کشمیر میں ایک خودکش حملے کی بنا پر ویزہ دینے سے انکار کیا گیا، جس میں 40 سے زیادہ بھارتی سیکورٹی اہل کار ہلاک ہو گئے تھے۔

بھارت نے پاکستان پر اس حملے کی پشت پناہی کا الزام لگایا تھا جسے پاکستان نے مسترد کر دیا۔

انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے کہا ہے کہ میزبان ملک کی جانب سے مقابلے میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کو ویزہ دینے سے انکار کرنا، اولمپک چارٹر کے اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔

اولمپک کمیٹی کے بیان کے مطابق اس مسئلے سے آگاہی حاصل کرنے اور آخری منٹ تک بھرپور کوششیں کرنے اور بھارتی عہدے داروں سے اس بارے میں بات چیت کرنے کے بعد کوئی ایسا حل سامنے نہیں آیا جس سے پاکستانی کھلاڑیوں کی ٹیم کو بھارت میں داخلے کی اجازت مل سکتی۔

کمیٹی کا کہنا ہے کہ اس صورت حال کے نتیجے میں انٹرنیشنل ایکزیکٹو بورڈ نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ بھارت کی کھیلوں کی کمیٹی اور حکومت کے ساتھ مستقبل میں کھیلوں اور اولمپکس کے ایونٹس کی میزبانی سے متعلق تمام بات چیت معطل کر دی جائے۔

اولمپک باڈی نےکھیلوں کی تمام بین الاقوامی فیڈریشز پر زور دیا ہے کہ وہ بھارت میں کھیلوں کا کوئی ایونٹ نہ رکھیں اور انہیں مستقبل میں کھیلوں کے مقابلوں کی میزبانی کے حقوق نہ دیں تاوقتتکہ وہ تحریری طور پر مقابلوں میں تمام کھلاڑیوں کو رسائی دینے کی تحریری یقین دہانی نہ کرائے۔

خلیج ٹائمز نے انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے جمعے کے روز کیے گئے فیصلے کو بھارت کے لیے ایک دھچکہ قرار دیا ہے۔

بھارت کی اولمپک ایسوسی ایشن نے پچھلے سال، 2026 میں نوجوانوں کے اولمپکس، 2030 میں ایشین گیمز اور 2032 میں گرمائی اولمپکس کی میزبانی کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔

انٹرنیشنل شوٹنگ سپورٹ فیڈریش نے بدھ کے روز کہا تھا کہ اسے ایک ہنگامی صورت حال کا سامنا ہے کیونکہ کشمیر حملے کی وجہ سے بھارت نے پاکستانی کھلاڑیوں کی ٹیم کو ویزہ دینے سے انکار کر دیا ہے اور وہ مقابلوں میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔

انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے پستول کے ریپڈ 25 ایم فائر کے کوالی فیکیشن ایونٹ سے کسی کھلاڑی کے اخراج پر پابندی لگا دی جس میں دو پاکستانی کھلاڑیوں کو حصہ لینا تھا۔

انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے کہا ہے کہ یہ اقدام 61 ملکوں سے تعلق رکھنے والے 500 سے زیادہ کھلاڑیوں کے مفاد میں کیا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG