رسائی کے لنکس

’رام لیلا‘ نے 100 کروڑ کمالئے، عمیمہ ملک بھی بھارت کو ’پیاری‘


بالی ووڈ کی خبریں: رواں سال سب سے زیادہ فلمیں 100کروڑ کا بزنس کرنے میں کامیاب۔ ایک اور پاکستانی اداکارہ بھارتی فلموں میں نظر آئیں گی، علی ظفر کا ’ٹوٹل سیاپا‘، ٹریلر جاری اور۔۔۔

فلم ’گولیوں کی راس لیلا ۔۔رام لیلا‘ بھی 100 کلب میں شامل ہوگئی ہے۔ یہ دپیکا کی اس سال 100 کروڑ روپے کمانے والی چوتھی بلاک بسٹر فلم ہے، جبکہ سال 2013ء کے دوران 100 کروڑ روپے کمانے والی ساتویں فلم۔

فلمی کاروبار پر گہری نظر رکھنے والی ویب سائٹ بالی ووڈ ہنگامہ کے مطابق فلم پر 80کروڑ روپے خرچ ہوئے تھے، جبکہ فلم نے ریلیز سے لیکر اب تک سو کروڑ 20لاکھ روپے کا بزنس کرلیا ہے۔

سال2013ء فلم انڈسٹری کے لئے ’نیک شگون‘ ثابت ہوا ہے۔ اس سال سب سے زیادہ فلموں نے 100 کروڑ روپے سے زیادہ کا بزنس کیا جن کی تعداد ’رام لیلا‘ کی کامیابی کے بعد سات ہوگئی ہے۔

ان سات فلموں میں ’کرش تھری’، ’چنائی ایکسپریس‘، ’یہ جوانی ہے دیوانی‘، ’ریس ٹو‘، ’گرینڈ مستی‘، ’بھاگ میکھا بھاگ‘ اور ’رام لیلا‘ شامل ہیں۔

علی ظفر کی فلم ’ٹوٹل سیاپا‘ کا ٹریلر جاری
بھارتی کڑی یامی گوتم اور پاکستانی کڑے علی ظفر کی لوکامیڈی ’ٹوٹل سیاپا‘ کا پہلا ٹریلر جاری ہوگیا۔

فلموں کی رنگا رنگ نگری ممبئی میں اس حوالے سے ایک شاندار تقریب ہوئی جس میں خصوصی طور پر چلے آئے خود علی ظفر اور یامی گوتم۔ جبکہ ڈائریکٹر ایشورنواس اور پروڈیوسر ، رائٹر نیرج پانڈے بھی وہاں موجود تھے۔

فلم کے ساتھ ایک اور بڑا نام جڑا ہے اور وہ ہے ’ریلائنس بگ انٹرٹینمنٹ‘ کا جبکہ کاسٹ میں انوپم کھیر اور کرن کھیر بھی شامل ہیں ۔دونوں پہلی مرتبہ ایک ساتھ اسی فلم میں نظر آئیں گے۔

فلم اگلے سال 31 جنوری کو ریلیز ہوگی۔

عمیمہ بھی بھارت کو ’پیاری‘ ہوگئیں
پاکستانی ٹی وی ایکٹریس عمیمہ ملک بھی بھارت کو ’پیاری‘ ہوگئی ہیں۔ انہیں عمران ہاشمی کی نئی فلم ’شاطر‘ میں ہیروئن کا کردار ادا کرنے کاموقع مل گیا ہے۔عمران ہاشمی کی فلموں میں جس طرح کے کام ہیروئن کو کرنے کے لئے دیئے جاتے ہیں وہ قطعی اچھی شہرت نہیں رکھتے۔ شاید اسی لئے عمیمہ کو یہ وضاحت کرنا پڑ رہی ہے کہ وہ کوئی بھی ایسا کام نہیں کریں گی جس سے ان کے ملک اور خاندان پر حرف آئے۔

سوناکشی اور شاہد کپور کا رومینٹک سانگ ریلیز
سوناکشی سنہا اور شاہد کپورکی فلم ’آر راجکمار‘ کا رومینٹک سانگ ’دھوکا دھڑی‘ ریلیز ہوگیا ہے۔ دونوں فنکاروں نے پہلی مرتبہ ایک ساتھ کام کیا ہے۔ فلم کے ڈائریکٹر ہیں پربھو دیو۔ گانے کے بول ہیں ’دل یہ دھوکا دھڑی کردے گا، سوچا نہ تھا، اتنی یہ گڑبڑی کرے گا سوچا نہ تھا‘، جبکہ اسے گایا ہے اریجیت سنگھ اور پلک مچھل نے۔ میوزک ترتیب دیا ہے پریتم نے۔

وکرم راجانی اور سنیل لیلا کی پروڈیوس کردہ اس فلم میں شاہد اور سوناکشی کیساتھ سونو سوڈاور پونم جھاور اہم کردار ادا کررہی ہیں۔ جبکہ ’عاشقی ٹو‘ کی ہیروئن شردھا کپور بحیثیت مہمان اداکارہ ایک آئٹم سونگ میں جلوہ گر ہوں گی۔ 40کروڑ روپے کے بجٹ سے بننے والی ایکشن اور تھرل سے بھرپور فلم ’آر راجکمار‘ 6دسمبر کو ریلیز ہوگی۔
XS
SM
MD
LG