انڈونیشیا میں ہوابازی کے حکام کا کہنا ہے کہ اس کے ایک مسافر طیارہ ہفتہ مغربی پاپوا کے مشرقی صوبے میں سمندر میں گر کرتباہ ہوگیا ہے۔
سرکاری فضائی کمپنی مرپاتی ائرلائن کے اس طیارے میں 25افراد سوار تھے اور یہ سورونگ سے کائیمانا جارہاتھا۔ حکام نے بتایا ہے کہ اب تک 15افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔ طیارے کے مسافروں میں ایک نوزائیدہ اور دو بچے بھی شامل ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق باقی لاشیں اس چھوٹے طیارے کے ملبے میں پھنسی ہوئی ہیں۔
ابتدائی طور پر حکام کے بقول خراب موسم اس حادثے کی وجہ ہوسکتا ہے۔
دریں اثناء حکام نے بتایا ہے کہ مغربی صوبے جاوا میں سیلابی ریلے اور مٹی کا تودہ گرنے سے کم ازکم نو افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
شدید بارشوں کی وجہ سے متعدد دیہات متاثر ہوگئے ہیں جب کہ کئی مکانات سیلابی ریلے میں بہہ گئے۔