رسائی کے لنکس

پاک، بھارت بات چیت: مذاکرات کا پہلا دور مکمل


پاک، بھارت بات چیت: مذاکرات کا پہلا دور مکمل
پاک، بھارت بات چیت: مذاکرات کا پہلا دور مکمل

بھارت اور پاکستان کے داخلہ سکریٹریوں کے مابین دو روزہ مذاکرات شروع ہوگئے ہیں۔ بھارت کی قیادت جی کے پلئی اور پاکستانی وفد کی سربراہی چودھری قمر زماں کر رہے ہیں۔ دونوں نے پیر کے روز نئی دہلی کے اشوکہ ہوٹل میں پہلے دِن کے مذاکرات مکمل کر لیے۔

ممبئی پر دہشت گرد حملوں کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب دونوں ملکوں کے سکریٹری داخلہ کے مابین بات چیت ہو رہی ہے۔

اِس موقع پر بھارت کے اندرونی سلامتی کے سکریٹری اور وزارتِ داخلہ کے دیگر اہل کار اور پاکستان سے آنے والے چھ رکنی وفد نے بھی حصہ لیا۔ بھارت میں پاکستان کے ہائی کمشنر شاہد ملک بھی جائے مذاکرات پرموجود تھے۔

بعد میں جی کے پلئی نے کہا کہ بات چیت خوش گوار ماحول میں ہوئی اور بامعنی رہی۔

ذرائع کے مطابق، بھارت کی طرف سے ممبئی حملوں کی تحقیقات میں پیش رفت اور پاکستان کی جانب سے سمجھوتا ایکسپریس دھماکوں کی تحقیقات میں پیش رفت کے معاملے اُٹھائے جانے کی توقع ہے۔

پاکستان کے سکریٹری داخلہ نے دہلی آمد سے پہلے کہا تھا کہ اِس بات چیت کامقصد دونوں ملکوں کے مابین امن و استحکام کو فروغ دینا ہے۔بھارت کی جانب سے بھی ایسے ہی خیالات کا اظہار کیا گیا ہے۔

یہ مذاکرات دونوں ملکوں کے مابین موہالی میں کرکٹ میچ کے دوران دونوں ملکوں کے وزرائے اعظم ڈاکٹر من موہن سنگھ اور یوسف رضا گیلانی کی موجودگی اور اُن کی باہمی گفت و شنید سے قبل ہو رہی ہیں اور توقع کی جارہی ہے کہ اِس بات چیت کی مدد سے دوطرفہ جامع مذاکرات کو آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔

  • 16x9 Image

    سہیل انجم

    سہیل انجم نئی دہلی کے ایک سینئر صحافی ہیں۔ وہ 1985 سے میڈیا میں ہیں۔ 2002 سے وائس آف امریکہ سے وابستہ ہیں۔ میڈیا، صحافت اور ادب کے موضوع پر ان کی تقریباً دو درجن کتابیں شائع ہو چکی ہیں۔ جن میں سے کئی کتابوں کو ایوارڈز ملے ہیں۔ جب کہ ان کی صحافتی خدمات کے اعتراف میں بھارت کی کئی ریاستی حکومتوں کے علاوہ متعدد قومی و بین الاقوامی اداروں نے بھی انھیں ایوارڈز دیے ہیں۔ وہ بھارت کے صحافیوں کے سب سے بڑے ادارے پریس کلب آف انڈیا کے رکن ہیں۔  

XS
SM
MD
LG