رسائی کے لنکس

اگلے جنم میں بھی دیوآنند ہی بننا چاہتا ہوں: دیوآنند


اگلے جنم میں بھی دیوآنند ہی بننا چاہتا ہوں: دیوآنند
اگلے جنم میں بھی دیوآنند ہی بننا چاہتا ہوں: دیوآنند

دیوآنند کا فلمی سفر ساٹھ سالوں سے بھی زائد عرصے پر محیط ہے ۔ وہ اپنے دور کے دلیپ کمار اور امیتابھ بچن ہیں مگر وہ اگلے جنم میں بھی دیوآنند ہی بن کر اس دنیا میں آنے کے خواہشمند ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ میں پھر سے دیوآنند بن کر اس دنیا میں دوسرا جنم لینا چاہتا ہوں تاکہ جو کام اس جنم میں ادھورے رہ گئے ہیں وہ پورے کرسکوں۔

دیو آنند ستاسی سال کے ہوگئے ہیں تاہم وہ اب بھی اپنی فلمی اننگز ڈیکلیئر کرنے کے موڈ میں نہیں ہیں ۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کے پاس بہت سی کہانیاں موجود ہیں مگر انہیں پردہ فلم تک لانے کا ان کے پاس وقت نہیں ہے۔ اس لئے ان کی آرزو ہے کہ وہ اگلے جنم میں بھی دیوآنند بن کر ہی اس دنیا میں آئیں۔

ان دنوں دیو آنند 1961میں بننے والی اپنی بلیک اینڈ وائٹ فلم "ہم دونوں" کو رنگین اور سنیما اسکوپ کرکے دوبارہ 3دسمبر کوریلیز کرنے کی تیاریوں میں ہیں۔فلم کے نمایاں فنکاروں میں دیو آنندکے علاوہ سادھنا اور نندا شامل تھیں۔ فلم کے گانے ساحر لدھیانوی نے لکھے تھے جن میں سے "میں زندگی کا ساتھ نبھاتا چلا گیا۔۔۔" بہت مشہور ہوا تھا۔

فلم ہم دونوں کے تین ہفتے بعد دیو آنند کی نئی فلم "چارج شیٹ" ریلیز ہوگی جس میں ان کے ساتھ نصیر الدین شاہ اور جیکی شروف نے کام کیا ہے۔ یہ تھریلر فلم ہے۔

دیوآنند اپنی پرانی فلموں کے ری میک میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتے ۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ پیچھے مڑ کر نہیں دیکھنا چاہتے ان کے پاس نئے آئیڈیاز موجود ہیں۔

XS
SM
MD
LG