رسائی کے لنکس

کرتار پور راہداری تقریب میں شرکت سے بھارتی وزیر خارجہ کی معذرت


پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور اُن کی بھارتی ہم منصب سشما سوراج۔ فائل فوٹو
پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور اُن کی بھارتی ہم منصب سشما سوراج۔ فائل فوٹو

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج، وزیر اعلیٰ پنجاب امریندر سنگھ اور نوجوت سنگھ سدھو کو کرتار پور بارڈر کے سنگ بنیاد کی تقریب میں شرکت کی دعوت دی جس پر بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے آنے سے معذرت کرلی ہے اور دو بھارتی وزرا کو پاکستان بھیجنے کا اعلان کیا ہے.

28 نومبر کو کرتار پور راہداری کھولنے کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا جس میں شرکت کے لیے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارتی ہم منصب سشما سوراج کو بھی پاکستان آنے کی دعوت دی ۔

پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج، وزیر اعلیٰ بھارتی پنجاب امریندرسنگھ اور بھارتی وزیر ثقافت و سیاحت نوجوت سنگھ سدھو کو کرتار پور بارڈر کی تقریب میں شرکت کی دعوت دی ہے۔

وزیر خارجہ کی طرف سے اس تقریب کے دعوت نامے بھی باضابطہ طور پر ارسال کر دیے گئے ہیں۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ہمارا مثبت طرز عمل اور خلوص نیت پوری دنیا کے سامنے ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے بھی وزارتِ عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد اپنی پہلی تقریر میں بھارت کو مل بیٹھنے کی دعوت دی تھی اور ہم آج بھی اسی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔

اس حوالے سے بھارتی وزیر خارجہ سمشاسوراج کا جواب بھی سامنے آگیا ہے جس میں انہوں نے اپنی پہلے سے طے شدہ مصروفیات بشمول ریاست تلنگانہ میں انتخابات کے باعث آنے سے معذوری ظاہر کی ہے۔

پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے نام لکھے گئے خط میں بھارتی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ وہ اس تقریب میں خود نہیں آرہی لیکن سکھ شہریوں کے جذبات اور کرتاپور راہداری منصوبہ کی اہمیت کے پیش نظر ان کے وزیر برائے فوڈ پروسیسنگ انڈسٹریز ہرسمرت کور بادل اور ہردیپ سنگھ پوری وزیر مملکت برائے ہاؤسنگ اینڈ اربن افئیرز اس تقریب میں بھارت کی نمائندگی کریں گے۔

سشما سوراج نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اس راہداری کی تعمیر کا کام تیزی سے کرے گا تاکہ بھارتی شہری اس راہداری کی مدد سے کرتار پور صاحب گوردوارہ آ سکیں۔

پاکستان نے بابا گرونانک کے 550 ویں جنم دن کی مناسبت سے بھارتی شہریوں کی سہولت کے لیے کرتار پور راہداری کھولنے کا فیصلہ کیا تھا اور بھارتی کابینہ نے بھی اس کی منظوری دیدی تھی۔

وزیراعظم عمران خان کی حلف برداری تقریب میں بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید نے بابا گورو نانک کے 550 ویں جنم دن کی تقریبات منانے کے لیے کرتاپور کراسنگ کھولنے کا عندیہ تھا۔

صوبہ پنجاب میں نارووال کے ضلع اور انڈین سرحد سے متصل علاقے کرتار پور میں سکھ مذہب کے بانی اور روحانی پیشوا بابا گرو نانک کی قبر اور سمادھی ہے ۔

کرتار پور راہداری 3.8 کلومیٹر پر محیط ہو گی۔ ڈھائی کلومیٹر راہداری پاکستان کی طرف اور 1.3 کلومیٹر بھارت کی جانب تعمیر ہو گی۔

XS
SM
MD
LG