رسائی کے لنکس

اسلام آباد حادثے میں ملوث بھارتی سفارت کار وطن واپس چلے گئے


اسلام آباد میں واقع بھارت کا سفارت خانہ، فائل فوٹو
اسلام آباد میں واقع بھارت کا سفارت خانہ، فائل فوٹو

پاکستان میں تعینات دو بھارتی سفارتی اہل کار خاموشی سے واہگہ بارڈر کے راستے وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔

بھارتی ہائی کمشن نے تصدیق کی ہے کہ اسلام آباد میں تعینات ان کے دو سفارتی اہل کار سلوا دیس پال اور دوامو براہموس پیر کی صبح بھارت پہنچ گئے ہیں۔

تاہم اس بات کی وضاحت نہیں ہو سکی کہ ان اہل کاروں کو پاکستان کی جانب سے ناپسندیدہ قرار دے کر واپس بجھوایا گیا ہے یا بھارت نے خود سے واپس بلوایا ہے۔

پاکستان کے دفتر خارجہ نے بھارتی سفارت خانے کے اہل کاروں کی واپسی پر کوئی بیان جاری نہیں کیا، نہ ہی اس سوال کے پوچھنے پر جواب دیا ہے۔

بھارتی سفارت خانے کے ان دونوں اہل کاروں کو گذشتہ ہفتے اسلام آباد میں ایک راہ گیر کو گاڑی کی ٹکر مار کر زخمی کرنے کے الزام میں پولیس گرفتار کیا تھا۔

تاہم سفارتی استثنا کے باعث چند گھنٹے حراست میں رکھنے کے بعد پولیس نے انہیں بھارتی سفارت خانے کے حوالے کر دیا تھا۔

یہ اہل کار بھارت کی سینٹرل انڈسٹریل سیکیورٹی فورس کے اہل کار تھے، جن کا 16 رکنی دستہ اسلام میں بھارتی سفارتی عملے اور ہائی کمشن کی حفاظت کے لئے تعینات ہے۔

پاکستان کی پولیس نے ان اہل کاروں پر لاپرواہی سے تیز گاڑی چلانے, شہری کو زخمی کرنے اور جعلی کرنسی برآمد ہونے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔

بھارت کی وزارت خارجہ امور نے پاکستان میں ہائی کمشن کے دو اہل کاروں کو حراست میں لیے جانے پر پاکستانی ناظم الامور حیدر شاہ کو طلب کر کے احتجاج کیا تھا۔

بھارت کے احتجاج کے جواب میں پاکستان کے دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ گاڑی کی ٹکر سے شہری کو زخمی کرنے والے بھارتی ہائی کمشن کے ملازمین سنگین جرائم میں ملوث تھے اور بھارتی ہائی کمشن کو بتایا گیا تھا کہ حادثے میں ملوث ان کے ملازمین کے غیر قانونی اقدامات اور لاپرواہی پر مبنی طرز عمل, قانون اور سفارتی اقدار کے خلاف ہے۔

خیال رہے کہ چند ہفتے قبل ہی بھارت نے نئی دہلی میں تعینات پاکستانی سفارت خانے کے دو اہل کاروں پر جاسوسی کا الزام عائد کرنے کے بعد انھیں ناپسندیدہ شخصیت قرار دے کر ملک چھوڑنے کا حکم دیا تھا۔

گزشتہ سال اگست میں بھارت کی جانب سے کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کرنے کے یک طرفہ اقدام کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان سفارتی اور سرحدی کشیدگی پائی جاتی ہے اور دونوں ممالک نے اپنے ہائی کمشنرز واپس وطن بلوائے ہوئے ہیں۔

XS
SM
MD
LG