رسائی کے لنکس

مودی کے خلاف بیان پر ہربھجن اور یووراج شاہد آفریدی سے ناراض


ہربھجن سنگھ کا کہنا ہے کہ شاہد آفریدی دوستی کے قابل ہی نہیں جب کہ یووراج سنگھ نے اپنی جانب سے 'شاہد آفریدی فاؤنڈیشن' کے لیے چندہ دینے کی اپیل پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ (فائل فوٹو)
ہربھجن سنگھ کا کہنا ہے کہ شاہد آفریدی دوستی کے قابل ہی نہیں جب کہ یووراج سنگھ نے اپنی جانب سے 'شاہد آفریدی فاؤنڈیشن' کے لیے چندہ دینے کی اپیل پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ (فائل فوٹو)

سابق بھارتی کرکٹرز ہربھجن سنگھ اور یووراج سنگھ پاکستان ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی سے ناراض ہو گئے ہیں۔ بھارتی کرکٹرز آفریدی کے ایک بیان پر شدید غصے اور سخت مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

ہربھجن سنگھ کا کہنا ہے کہ شاہد آفریدی دوستی کے قابل ہی نہیں جب کہ یووراج سنگھ نے اپنی جانب سے 'شاہد آفریدی فاؤنڈیشن' کے لیے چندہ دینے کی اپیل پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

بھارتی کھلاڑیوں کی جانب سے شاہد آفریدی پر برہمی کا اظہار آفریدی کے اُس بیان کے بعد سامنے آیا ہے جو انہوں نے پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں راشن کی تقسیم کے دوران لوگوں سے بات کرتے ہوئے دیا تھا۔

شاہد آفریدی کی وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں سابق کپتان نے بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی پر مذہبی منافرت پھیلانے کا الزام عائد کیا تھا۔

شاہد آفریدی کی یہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد یووراج سنگھ نے کہا ہے کہ اُنہیں اس بات کا پچھتاوا رہے گا کہ انہوں نے شاہد آفریدی کی فاؤنڈیشن کے لیے چندے کی اپیل کی تھی۔

گزشتہ ماہ ہی ہربھجن اور یووراج نے 'شاہد آفریدی فاؤنڈیشن' کی حمایت میں ایک ویڈیو پیغام جاری کیا تھا جس میں انہوں نے عوام سے کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کے لیے آفریدی کی فاؤنڈیشن کو چندہ دینے کرنے کی اپیل کی تھی۔ البتہ شاہد آفریدی کے حق میں اس بیان پر سوشل میڈیا پر بھارتی صارفین کی بڑی تعداد نے دونوں کھلاڑیوں کو آڑے ہاتھوں لیا تھا۔

ہر بجھن سنگھ کے بقول "شاہد آفریدی نے بھارت کے خلاف بیان دے کر ہمیں دکھ پہنچایا ہے۔ مجھے افسوس ہے کہ میں نے اسے دوست کہا لیکن وہ دوستی کے قابل ہی نہیں۔"

ادھر یووراج نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ شاہد آفریدی کے بیان پر افسوس ہوا، وزیرِ اعظم نریندر مودی سے متعلق الفاظ میرے لیے قابل قبول نہیں۔

یووراج سنگھ کا مزید کہنا تھا کہ "میں نے انسانیت کی خاطر آفریدی کے کہنے پر چندے کی اپیل کی تھی مگر اب دوبارہ ایسا نہیں کروں گا۔"

XS
SM
MD
LG